اسرائیل کی وحشیانہ بمباری‘ گولہ باری‘ 100 فلسطینی شہید‘ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے‘ جھڑپوں میں 18 صہیونی فوجی ہلاک

IQNA

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری‘ گولہ باری‘ 100 فلسطینی شہید‘ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے‘ جھڑپوں میں 18 صہیونی فوجی ہلاک

10:13 - July 21, 2014
خبر کا کوڈ: 1431498
بین الاقوامی گروپ:فلسطینی عینی شاہدین اور حکام کے مطابق شجائیہ کے علاقے میں ہر طرف نعشیں پڑی ہیں جبکہ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ صرف اس علاقے میں 67فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیل کی 13 روز سے جاری فوجی کارروائی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 438 ہو گئی ہے۔

ایکنا نیوز-زہ/ واشنگٹن/ لاہور  (ایجنسیاں/ نوائے وقت رپورٹ/ نمائندہ خصوصی/ خصوصی نامہ نگار) غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ گولہ باری اور بمباری سے عورتوں بچوں سمیت مزید 100 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ فلسطینی عینی شاہدین اور حکام کے مطابق شجائیہ کے علاقے میں ہر طرف نعشیں پڑی ہیں جبکہ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ صرف اس علاقے میں 67فلسطینی شہید ہوئے۔  اسرائیل کی 13 روز سے جاری فوجی کارروائی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 438 ہو گئی ہے۔ اتوار کی شدید گولہ باری سے قبل اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ میں فلسطینی تنظیم حماس کے خلاف زمینی کارروائی کا دائرہ بڑھا دیا ہے، تاہم اس اعلان کے دو گھنٹے بعد اسرائیل نے شجائیہ میں انسانی بنیادوں پر دو گھنٹے کی جنگ بندی پر رضامندی کا اظہار کیا تھا تاہم یہ عارضی جنگ بندی محض ایک گھنٹے بعد ہی ختم ہو گئی اور دونوں جانب سے گولہ باری شروع ہو گئی۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اب تک غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت عام شہری ہیں۔ اتوار کی شدید گولہ باری سے قبل ایک بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ غزہ میں ’دہشت گردی کے خلاف آپریشن‘ میں حصہ لینے کے لیے ’مزید فوجیں‘ بھیجی گئی ہیں۔ غزہ سے بڑے پیمانے پر لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں اور سڑکوں پر نعشیں پڑی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی کی جانب سے زمینی، فضائی اور بحری کارروائی اتنی شدید ہے کہ ایمبولینسوں کی نقل و حرکت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ دوسری جانب غزہ میں فلسطینی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے 13ویں روز اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری اب تک کی شدید ترین بمباری ہے۔ عرب لیگ نے اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔ غزہ میں فوجی کارروائیاں فوراً روک دے۔ مجموعی طور پر جاں بحق فلسطینیوں میں 112 بچے اور 41 خواتین شامل ہیں۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودی ریاست میں موجود کچھ لوگوں کی ذہنیت نازی رہنما ایڈولف ہٹلر سے ملتی ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق بحیرہ اسود کے ساحلی شہر اوردو میں اپنے حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اردگان نے کہا کہ اسرائیلیوں کا کوئی ضمیر، غیرت یا خودداری نہیں۔ وہ ہٹلر پر صبح شام لعن طعن کرتے ہیں مگر خود انہوں نے ہٹلر کی بربریت کو بھی مات دے دی۔ ترک وزیراعظم نے اسرائیل کی جارحیت کا دفاع کرنے پر امریکہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ادھر حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار اعلی درجے کی فوجی کارروائیوں میں 18 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا سنٹرکے مطابق القسام بریگیڈ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں رفاہ کے قریب ایک فوجی کارروائی میں 5 فوجی ہلاک کئے۔ ایک دوسری پیش رفت میں القسام بریگیڈ نے اسرائیلی شہر بئر السبع پر 10 راکٹ فائر کئے۔ یاد رہے گذشتہ شام اسرائیل نے تسلیم کیا تھا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی میں ایک اعلی فوجی افسر اور سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔ مزاحمت کار فلسطینیوں نے غرب اردن کے علاقے رام اللہ کی دولیف یہودی بستی کو بجلی کی فراہمی منقطع کر دی جس کے بعد فلسطینیوں کی غصب کردہ سرزمین پر بنائی جانے والی یہودی بستی اندھیرے میں ڈوب گئی۔ اسرائیل کے مطابق مارے جانے والے 13فوجیوں کا تعلق گولا ن بریگیڈ سے تھا۔ فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے دولیف نامی یہودی بستی کو بجلی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کے کھمبوں کو آئرن کٹرز کے ذریعے کاٹ ڈالا جس کے بعد ہائی ٹینشن وائر سمیت یہ کھمبے دھڑام سے زمین پر آ گرے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے پھر دھمکی دی ہے کہ غزہ سے حماس کے راکٹ حملے روکنے کیلئے اسرائیل ہر وہ کارروائی کرے گا جو ضروری ہو گی۔ سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حماس پر الزام لگایا وہ غزہ کے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے حماس پر الزام لگایا کہ وہ تمام تر کوششوں کے باوجود جنگ بندی کرنے پر تیار نہیں۔ اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس کی کارروائی میں ان کے سات فوجی ہلاک ہوگئے۔ غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد پر اسرائیل کے خلاف پوری دنیا میں مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں شہریوں نے غزہ پر حملے کے خلاف مظاہرے کئے۔ چلی، برطانیہ اور سوئٹرزلینڈ کے شہری بھی فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔دریں اثناء رمل شہر میں بمباری سے مزید 8افراد شہید ہو گئے۔ غزہ سے لوگ بڑے پیمانے پر نقل مکانی کر رہے ہیں۔

دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے غزہ میں اسرائیلی درندوں کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ ایک بیان میں راجہ ناصر عباس نے کہاکہ اسرائیلی بربریت کیخلاف عرب ممالک کی خاموشی امت مسلمہ کیلئے المیہ سے کم نہیں۔

 اسرائیلی فوجی ترجمان نے حماس کیساتھ جھڑپوں میں 18فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جو 2006ء کے بعد جنگ میں اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی یہ بڑی تعداد ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں حماس کیساتھ جھڑپوں میں آئی ڈی ایف گولان بریگیڈ  کے 13اسرائی فوجی ہلاک ہو گئے۔ اس طرح اب تک حماس کیساتھ حالیہ لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 18ہو گئی جبکہ حماس نے ایک بیان میں کہا ہے القسام بریگیڈ کیساتھ لرائی میں اسرائیل کے 30 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

2014-07

نظرات بینندگان
captcha