بین الاقوامی گروپ:عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائن کے فٹبالر اور یونیسیف کے سفیر لائنیل میسی نے غزہ پر صیہونی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے بچوں کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا اور اسے اپنے فیس بک پیچ پر ایک زخمی فلسطینی بچے کی تصویر پوسٹ کر کے اپنی ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے انسانی ہمدردی پر مبنی جذبات کا اظہار نہ صرف انگریزی زبان میں کیا بلکہ انہوں نے اس پیغام کو عربی میں بھی پوسٹ کیا جبکہ پیغام کے ساتھ ایک زخمی فلسطینی بچے کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے جو اسرائیلی حملے میں زخمی ہوگیا تھا۔ میسی کے اس پیغام کو اب تک 13 ہزار سے زائد لوگوں نے شیئر اور 68 ہزار سے زائد افراد نے پسند کیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 8 جولائی سے اسرائیلی فوجی بربریت کے نتیجے میں اب تک 1900 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔