ایکنا نیوز- عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے شدت پسندی اور تشدد کے خطرات سے کیسے نمٹا جائے، اس حوالے سے تہران یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات میں " دنیا بمقابلہ شدت پسندی اور تشدد سیمینار" منعقد کیا گیا ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسلامی حوالے سے ہر قسم کے تشدد اور شدت پسندی کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں سلامتی اور محبت پر زور دیا گیا ہے اور کسی شخص کا سر کا ٹنا کسی حوالے سے اسلام میں جائز نہیں ۔ مقررین نے داعش سمیت تمام شدت پسند گروپوں کو عالمی اسلام دشمن قوتوں کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تعلیمات مکمل انسان دوستی پر مبنی ہیں ۔
مقررین نے تاریخی حوالے سے بنی امیہ کو شدت پسندی اور خوارج کو تکفیری سوچ کی بنیاد قرار دیتے ہوئے امن ومحبت کو آسمانی ادیان کا محور قرار دیا۔
سیمینار میں طلباء و طالبات کے علاوہ مختلف مذاہب کے نمائندے، اعلی سفارت کار اور دیگر ممالک کے یونیورسٹی اساتذہ بھی شریک تھے۔