متحدہ مجلس عمل نے كہا ہے كہ صدر پرويز مشرف سے ہر ظلم كا جواب ليا جائے گااور انہیں شاہ ايران كی طرح بھاگنے نہیں ديا جائيگا۔میڈيا نے حكمرانوں كو آئينہ دكھايا ہے،12مئی كو صحافيوں كا كردار قابل تحسين رہا۔صحافيوں سے اظہار يكجہتی كيلئے نكالی جانے والی ريلی سے نعمت اللہ خان،معراج الہدیٰ، شبيرابوطالب اور ديگرنے خطاب كيا ۔سانحہ 12مئی كے دوران كوريج كرنے والے صحافيوں كو زبردست خراج تحسين پيش كيا گيا۔ اتوار كو متحدہ مجلس عمل كے زيراہتمام گرومندر سے پريس كلب تك ريلی نكالی گئی سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے ريلی كی قيادت كی۔ انہوں نے كہا كہ جنرل مشرف كو شہنشاہ ايران كی طرح ملك سے فرار نہیں ہونے ديا جائے گا۔ بلكہ ان سے ہر ظلم كا حساب ليا جائے گا۔ جماعت اسلامی كراچی كے امير ڈاكٹر معراج الہدیٰ صديقی نے كہا كہ ايك اعلی سطح كی كانفرنس میں فيصلہ كيا گيا كہ میڈيا كا گلا گھونٹ ديا جائے براہ راست نشريات پر پابندی لگادی جائے انہوں نے كہا كہ دہشت گردی كے پيچھے حكمران ہیں۔جے يو پی كے رہنما شبير ابو طالب نے كہا كہ اہاليان كراچی نے دہشت گردوں كا مقابلہ كرنے كا عزم كر ركھا ہے ہم سروں پر كفن باندھ كر نبی كا پرچم تھام كر اپنے قائدين كے مشن كو پورا كریں گے۔ جے يو آئی كے رہنما اسلم غوری نے كہا كہ میڈيا نے 12مئی كو امريكا كے ايجنٹوں كو بے نقاب كيا۔ انہوں نے كہا كہ میڈيا اپنی آزاد پاليسی جاری ركھے كراچی كے عوام ان كے ساتھ ہیں۔ جے يو پی كے صديق راٹھور نے كہا كہ حكومت كا یہ پروپيگنڈہ كہ ہم نے میڈيا كو آزاد كر ديا ہے یہ آزادی صحافيوں نے اپنی قربانيوں سے حاصل كی۔ انہوں نے كوڑے كھائے، جيلیں كاٹیں انہوں نے كہا كہ میڈيا پر آج بھی پابندی ہے انہوں نے كہا كہ مزدور كی تنخواہ كم از كم 10ہزار روپے مقرر كی جائے۔ پی ڈی پی كے صوبائی صدر بشارت مرزا نے كہا كہ 12مئی كو میڈيا نے دہشت گردوں كو بے نقاب كيا اور جنرل مشرف كو آئينہ دكھايا۔ علامہ جعفر سليمان نے كہا كہ حكمران اداروں كو تباہ كرنے كی سازش كررہے ہیں۔ یہ ريلی میڈيا كی آزادی اور ان سے اظہار يكجہتی كے لئے نكالی گئی ہے۔ ڈاكٹر معراج الہدیٰ صديقی نے مزيد كہا كہ آج كی یہ ريلی كراچی كے صحافيوں كو خراج تحسين پيش كرنے كے لئے نكالی گئی ہے۔ انہوں نے كہا كہ ايم كيو ايم كی پشت پر جنرل مشرف ہیں ايم كيو ايم نے 12مئی كو صحافيوں پر گولياں برسائیں، ہم نے آج صحافيوں كو پھول پيش كئے ہیں ۔ انہوں نے كہا كہ میں براڈ كاسٹر كارپوريشن سے كہنا چاہتا ہوں كہ پاكستان كے عوام بہادر میڈيا اور صحافيوں كی حفاظت كے لئے تيار ہیں۔ جس طرح پيمرا آرڈيننس واپس ہوا، اسی طرح جرنيلی سياست بھی رخصت ہوگی۔ انہوں نے كہا كہ چيف جسٹس افتخار محمد چوہدری 3جولائی كو كراچی تشريف لارہے ہیں۔ اہاليان كراچی ان كا شاندار استقبال كركے جرنيلی سياست كو ہميشہ كے لئے دفن كردیں گے۔ بشارت مرزا نے كہا كہ كراچی كے لوگوں پر جو ظلم ہوا، میڈيا نے وہ ظلم كراچی اور پوری دنيا كے عوام كو دكھايا سچ دكھانے پر صحافيوں كو ڈرايا جارہا ہے اور دھمكياں دی جارہی ہیں۔ نعمت اللہ خان ایڈووكیٹ نے مزيد كہا ہے كہ 12مئی كو صحافيوں نے جس جرأت كا اظہار كيا، وہ تاريخ میں ہميشہ ياد ركھا جائے گا۔ انہوں نے كہا كہ وكلاء ، صحافيوں اور عدلیہ كی تحريك اس مرحلے پر ہے، جيسے شہنشاہ ايران كے خلاف تحريك چلی تھی۔ شہنشاہ ايران كے پاس كوئی چارہ نہیں تھا كہ وہ ملك سے فرار ہو، جنرل مشرف كو ہم بھی یہ موقع نہیں دیں گے۔ قبل ازیں اپوزيشن كی ريلی سہ پہر 3بجے گرومندر سے شروع ہوئی جہاں مختلف رہنماؤں نے خطاب كيا۔ ريلی كے شركاء اور رہنماؤں نے نجی ٹيليويژن كے دفاتر اور پريس كلب كے باہر صحافيوں كو پھول اور گلدستے پيش كئے جبكہ ريلی شام سوا 7بجے پريس كلب كے باہر اختتام پذير ہوئی۔