ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے ایک بیان میں تکفیری دہشتگردوں کے ہاتھوں اردنی قیدی پائلٹ کے قتل مذمت کرتے ہوئے اس غیر انسانی واقعے کا ذمہ دار ان ملکوں کو قرار دیا ہے جو دہشتگرد گروہوں کو مستحکم بنانے کیلئے ان کی ہمہ جہتی مدد کرتے رہے ہیں- ایران کے دفترخارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے دہشتگردی کے مسئلے میں انتخابی رویّے سے گریز کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد گروہوں کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے- واضح رہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے، منگل کے روز اردنی پائلٹ کو زندہ، نذر آتش کردیا- اردن کے اس پائلٹ کو گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں طیارہ گرکرتباہ ہوجانے کے بعد اغوا کرلیا گیا تھا- یہ پائلٹ طیارے کے اس حادثے میں اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا تھا مگر داعش دہشتگرد گروہ نے اسے اغوا کرلیا جس کے بعد اس دہشتگرد گروہ نے اس کی رہائی بدلے اپنے کچھ دہشت گردوں کو چھڑانے کی کوشش کی- تاہم اردن کی حکومت کا کہنا ہے کہ داعش کے سفاک دہشت گردوں نے پائلٹ آفیسر معاذ الکساسبہ کو ایک ماہ قبل ہی نہایت سفاکی کے ساتھ قتل کردیا تھا-