ایکنا نیوز-شفقنا-علامہ مقصود ڈومکی کی پریس کانفرنس میں جمعیت اتحاد العلماء بلوچستان کے صدر مولانا قاضی فخر الدین، وائس چیئرمین سنی سپریم کونسل بلوچستان پیر سید حبیب اللہ چشتی، معروف دانشور و کالم نگار سید امان اللہ شادیزئی، صدر پاکستان سنی تحریک کوئٹہ محترم علی بلوچ، ممبر فلسطین فاؤنڈیشن وسماجی رہنماء محترمہ صفیہ ہاشمی اور چیئرمین سہارا ویلفئیر ٹرسٹ کوئٹہ راز محمد لونی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد عالمی برادری بھی فلسطینیوں کے حق میں کوئی مثبت اور موثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔ آج پوری مسلم دنیا آگ وخون کی لپیٹ میں ہے۔ ہر جگہ اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نام نہاد گروہ کھڑے ہو چکے ہیں۔ جو حقیقت میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دفاع کر رہے ہیں اور گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو عمل درآمد کرنے کے در پے ہیں۔ آج انبیاء کی سرزمین فلسطین کی صورتحال ہمارے سامنے ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ آج عراق جل رہا، یمن و شام میں لاشوں کے انبار ہیں۔ لبنان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے۔ برما میں مسلمانوں کو بڑے پیمانے پر اس لئے قتل وغارتگری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاکہ دنیا کی توجہ عالم اسلام و انسانیت کے بنیادی ترین اور اول ترین مسئلہ یعنی مسئلہ فلسطین و القدس سے ہٹا دی جائے۔ خود سعودی عرب میں مساجد کے اندر نمازیوں پر خودکش بم دھماکے ہوئے ہیں۔ تیونس میں بھی اسی طرح کی کاروائیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ لیبیا کی صورتحال ہم پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔ مصر میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح ایک منتخب حکومت کو امریکی، اسرائیلی اور عرب امداد سے چلتا کیا گیا ہے۔ کویت میں دیکھیں تو وہاں بھی حال ہی میں جمعہ نماز کے دوران نمازیوں کو خود کش دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کی بات کریں تو یہاں کی صورتحال بھی اسی طرح ہے گذشتہ چند برس میں ستر ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں، بازاروں، سیکورٹی چیک پوسٹوں، سرکاری دفاتر، ٹارگٹ کلنگ سمیت تفریحی مقامات سمیت اسکولوں اور دیگر مقاما ت پر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ ساری صورتحال صرف اور صرف اس لئے پیدا کی گئی ہے کہ مسلم دنیا کے اندر فلسطین کاز کی آواز کو دبا دیا جائے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ ۲۲ رمضان المبارک کے دن عالمی یوم القدس کی ملک گیر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اہل وطن سے التماس ہے کہ پہلے سے زیادہ بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔