ایکنا نیوز-ڈان نیوز کے مطابق بحرین کے دارالحکومت ماناما میں سالانہ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے ایران پر بحرین میں ہتھیار اسمگل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران عرب ممالک میں بغاوت پیدا کرنے کے جو کوششیں کر رہا ہے وہ داعش سے کم خطرناک نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی حوثی ملیشیا، جس کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک صف آرا ہیں اور جس پر ایران کا پراکسی ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، کا ملک میں مستقبل ہوسکتا ہے لیکن اس کے لیے اسے ہتھیار پھینک کر سیاسی عمل کا حصہ بننا ہوگا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خطے کے استحکام و ترقی کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ملک کی سیکیورٹی اور استحکام کو اس لیے داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
قابل ذکر ہے کہ خود بحرین میں جاری عوامی مظاہروں کو تشدد کے ساتھ ہینڈل کرنے کی پالیسی جاری ہے اور عوامی حقوق کو پامال کرنے پر اس وقت ملک کے اندر بڑے پیمانے پر مظاہرے ہورہے ہیں۔