ایکنا نیوز- حکومتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ قانونی ماہرین اور وزرا پر مشتمل حکومتی ٹیم کی آئندہ ہفتے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کا امکان ہے، جس میں ان بِلوں کے حوالے سے ان کی جماعت کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ 3 یا 4 اپریل کو حکومتی ٹیم سے ممکنہ ملاقات میں مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ وکلاء کی ٹیم بھی موجود ہوگی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق بیرسٹر ظفراللہ نے حکومتی ٹیم اور مولانا فضل الرحمٰن کی آئندہ ہفتے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کی حتمی تاریخ، سربراہ جے یو آئی (ف) کی وطن واپسی کے بعد طے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انسداد عصمت دری اور غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے بِلوں پر غور کے لیے 29 مارچ کو وزیر قانون زاہد حامد کی سربراہی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس جے یو آئی (ف) کے اراکین کی جانب سے بِلوں کی مخالفت کے بعد ملتوی کرنا پڑا تھا۔
حکومت زیر التوا چھ بِلوں پر 6 اپریل کو 10 رکنی کمیٹی کے آئندہ اجلاس سے قبل اتفاق رائے قائم کرنا چاہتی ہے۔