ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آّصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ طاقتیں پاکستان میں دہشت گردی کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں تاہم ہم انہیں بتادیناچاہتے ہیں کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ہم اپنے ملک کو کمزور کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاق سے بات کرکے سندھ میں مقیم افغان باشندوں کے صوبے سے انخلاء کے اقدامات کریں۔
سیہون میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کراچی میں وزیراعلی ہاؤس میں آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق صدر آصف زردری نےکہا کہ ’ہم ان مدارس کے خلاف نہیں جو دین کی خدمت کرتے ہیں، ہمارے بڑوں نے بھی ایک مدرسہ بنایا، جہاں قائداعظم نے تعلیم حاصل کی لیکن کچھ مدارس ہمارے بچوں کو بھٹکانے کا کام کر رہے ہیں ہمیں ان کو روکنا ہے‘۔
اس موقع پر وزریراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ پرامن لوگوں کی دھرتی ہے یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد خودکش حملہ آور دوسرے علاقوں سے لاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے سہولت کار یہاں ضرور موجود ہیں تاہم ہم سہولت کاروں کے حلق تک پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ سندھ حکومت نے 94 مدارس کی فہرست وفاق کو بھیجی تھی ہم چاہتے ہیں کہ ان پر نظر رکھی جائے، یہ فہرست انٹیلی جنس اینجنسیز کی اطلاعات کی بنیاد پر بنائیں گئیں تھی لیکن وفاق سے ہمیں کوئی خاص مدد نہیں ملی۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی مدد سے دہشت گردوں کو کچل کر دم لیں گے، دہشت گردہمارے بچوں اور ملک کے دشمن ہیں، اتحاد اور یکجہتی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔