ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق زوزجان کے گورنر کے ترجمان محمد رضا غفوری کا کہنا تھا کہ پولیس افسران پر مسجد سے باہر نکلتے وقت گھات لگائے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کمانڈر کی اہلیہ اپنے شوہر پر حملے کا سن کر جائے وقوع پر پہنچیں، جہاں دہشت گردوں نے انہیں بھی نشانہ بنایا۔
داعش سے منسلک دہشت گرد افغانستان کے مشرقی علاقوں میں پہلے سے موجود ہیں، لیکن حالیہ کچھ عرصے میں انہوں نے ملک کے شمالی علاقوں میں بھی حملے شروع کردیئے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں کیے گئے مختلف آپریشنز میں داعش کے 23 دہشت گردوں سمیت 38 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ مشرقی ننگرہار اور جنوبی ہلمند صوبوں میں کیے گئے ان آپریشنز میں کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جبکہ متعدد کو گرفتار کیا گیا۔