ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق آج کے دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا۔
اس سلسلے میں صبح سویرے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مزار قائد پر پھول چڑھا کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ آج کے دن کی مناسبت سے مختلف ادارے اور تنظیمیں خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کریں گی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بابائے قوم کے مزار پر حاضری دیں گے۔
اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنا خصوصی پیغام بھی جاری کیا ۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک قوم کی صورت میں متحد کیا اور ان کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں وہ اپنی ثقافت و رسومات کے تحت زندگی بسر کرسکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قائدا عظم کے فرمان آج بھی اسی طرح قابلِ عمل ہیں جس طرح 7 دہائی قبل تھے ہمیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں ’اتحاد، یقین اور تنظیم‘ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے قوم کو تاکید کی کہ آج ہم صرف بابائے قوم کو خراجِ عقیدت ہی پیش نہیں کررہے بلکہ اپنے تصورات بھی ان کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالیں گے۔
انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ آیئے آج عہد کرتے ہیں کہ ہم قائد کے وژن کے تحت اپنے عظیم ملک کی خدمت کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔
دوسری جانب قائد اعظم کے یومِ پیدائش کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے اور قائد اعظم کے افکارات کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے ایک متحد قوم کی حیثیت سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو حقیقی فلاحی ریاست، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔