
ایکنا نیوز- شارجہ 24 نیوز کے مطابق شارجہ اسلامی امور اتھارٹی نے امارت کی بڑھتی ہوئی آبادی کی مذہبی ضروریات کو پورا کرنے اور دینی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے القطینہ 1 کے علاقے میں نئی مسجد "سلسبیل" کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ مسجد فاطمی اسلامی طرزِ تعمیر سے متاثر ہو کر تعمیر کی گئی ہے اور 400 نمازیوں کی گنجائش رکھتی ہے۔
افتتاحی تقریب میں مقامی حکام اور معزز شخصیات نے شرکت کی، جس کی صدارت شارجہ اسلامی امور اتھارٹی کے سربراہ عیسیٰ سیف احمد بن حنظل نے کی۔ اس موقع پر حکام نے کہا کہ مساجد کی تعمیر اور توسیع ادارے کی مسلسل حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد معاشرے میں مساجد کے دینی اور سماجی کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
مسجد "سلسبیل" کو فاطمی اسلامی فنِ تعمیر کے اصولوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں اسلامی ثقافتی ورثے اور جدید دور کی ضروریات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مسجد میں تقریباً 400 نمازیوں کی گنجائش ہے، جن میں 50 خواتین کے لیے مخصوص جگہ بھی شامل ہے۔
نمازیوں کی سہولت کے لیے مسجد میں وضوخانے، جدید طرز کے بیت الخلا، پارکنگ ایریا اور امامِ مسجد کی رہائش سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس مسجد کی نمایاں خصوصیات میں 30 میٹر سے زائد بلند مینار شامل ہے، جو اس مذہبی عمارت کو منفرد حسن عطا کرتا ہے اور علاقے کی نمایاں تعمیراتی علامت بن گیا ہے۔
منصوبے کے ذمہ داران کے مطابق مسجد کی تعمیر جدید انجینئرنگ معیارات، حفاظتی اصولوں، اعلیٰ معیار اور پائیداری کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ عبادت گزاروں کے لیے ایک محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔
افتتاحی تقریب کے دوران مسجد کی تعمیر اور ترقیاتی اخراجات میں تعاون پر خیراتی ادارے بیت الشارقہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ اسی طرح منصوبے کے مشیروں اور تعمیراتی کمپنیوں کو مقررہ وقت میں کامیاب تکمیل پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شارجہ محکمۂ دینی رہنمائی کے ڈائریکٹر سالم الدوبی نے کہا کہ مساجد اسلامی معاشروں میں انسان سازی، اخلاقی اقدار کے فروغ اور سماجی روابط کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ مساجد صرف عبادت گاہیں نہیں بلکہ ثقافتی اور سماجی مراکز بھی ہیں، جو اسلامی شناخت کے استحکام، سماجی یکجہتی کے فروغ اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔/
4357589