
ایکنا نیوز- الاهرام نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سورۂ انسان کی آیت 14 پر مشتمل یہ تلاوت ہر رات مصر کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے ریڈیو قرآن مصر کے مقبول پروگرام ’’ایمان کے باغات کے خوشے‘‘ کے ذریعے نشر کی جائے گی۔ اس آیت میں اہلِ جنت پر درختوں کے سائے اور ان کے لیے آسانی سے دستیاب پھلوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
شیخ ابراہیم شعشاعی 1930ء میں قاہرہ کے تاریخی علاقے درب الاحمر میں پیدا ہوئے۔ وہ مصر کے نامور قاری شیخ عبدالفتاح شعشاعی کے صاحبزادے تھے۔ ان کے خاندان کا تعلق صوبہ منوفیہ کے ضلع اشمون کے گاؤں شعشاع سے تھا، تاہم ان کے والد بعد میں قاہرہ منتقل ہوگئے تھے۔
شیخ ابراہیم نے کم عمری میں قرآن کریم حفظ کیا اور قرآنی علوم و فنونِ تلاوت کی تعلیم حاصل کی۔ 1950ء کی دہائی کے آغاز میں ان کی شہرت اپنے والد کے ساتھ قرآنی محافل میں شرکت کے دوران نمایاں ہونا شروع ہوئی۔ والد کے 1962ء میں انتقال کے بعد انہوں نے مصر کی معروف مسجد سیدہ زینب میں ان کی جگہ تلاوت کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ 1967ء میں بطور قاری ریڈیو مصر سے وابستہ ہوگئے۔
شیخ ابراہیم شعشاعی اس بات کا اعتراف کرتے تھے کہ ان کے والد کے اسلوبِ تلاوت نے ان کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کے والد خود ممتاز مصری قاری شیخ احمد ندا کے اندازِ قرات سے متاثر تھے، جو شیخ محمد رفعت سے پہلے کی نسل کے نمایاں قراء میں شمار ہوتے تھے۔
شیخ ابراہیم اپنی گمبھیر اور دلنشین آواز، روایتِ ورش میں مہارت، وقف و ابتدا کے اصولوں پر عبور اور تلاوت میں وقار و متانت کی وجہ سے بے حد مقبول تھے۔ ان کی متعدد نایاب ریکارڈ شدہ تلاوتیں آج بھی مختلف ذرائع ابلاغ سے نشر کی جاتی ہیں۔
انہوں نے قرآن کریم کے سفیر کی حیثیت سے عرب اور اسلامی دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کیا اور بالخصوص ماہِ رمضان میں متعدد بین الاقوامی قرآنی محافل میں شرکت کی۔
یہ عظیم مصری قاری 9 جون 1992ء کو انتقال کر گئے، تاہم ان کی روح پرور تلاوتیں آج بھی قرآنی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔/
4357206