امریکا: کانگریس کی مسلم خاتون رکن کو دھمکی آمیز خط موصول

IQNA

امریکا: کانگریس کی مسلم خاتون رکن کو دھمکی آمیز خط موصول

14:08 - August 30, 2019
خبر کا کوڈ: 3506562
بین الاقوامی گروپ- کانگریس کی مسلم خاتون رکن الہان عمر نے خود کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کردیا، جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے.

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کی رپورٹ کےمطابق امریکی رکن کانگریس نے بتایا کہ دھمکی آمیز خط میں کہا گیا کہ ’اسٹیٹ فیئر کے دوران ایک شخص انہیں بندوق سے قتل کردے گا‘۔

الہان عمر نے امریکی سینیٹر روے موری کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک تھے، انہیں صومالیہ واپس چلے جانا چاہیے تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد وہ سیکیورٹی گارڈ رکھنے پر مجبور ہیں‘۔

کانگریس کی مسلم رکن نے کہا کہ ’مجھے نفرت ہے کہ ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں، جہاں آپ کی حفاظت کے لیے دوسرے انسان کو تعینات کیا جاتا ہے' لیکن ’جب تک میری اور دیگر لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے، میں سیکیورٹی رکھنے پر مجبور ہوں‘۔

امریکی کانگریس خاتون نے اپنے ٹوئٹ میں انہیں موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط کی تصویر بھی شیئر کی۔

دھمکی آمیز خط میں تحریر تھا کہ ’الہان عمر، تم واشنگٹن زندہ نہیں جا سکوں گی، تمہاری زندگی کا خاتمہ تمہاری چھٹیاں ختم ہونے سے پہلے ہوجائے گا اور الہان عمر تم اکیلے نہیں مروں گی‘۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں بھی الہان عمر کو ’مسلمان‘ ہونے کی بنیاد پر قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔

بعد ازاں نیویارک کے مغربی ضلع میں قائم امریکی اٹارنی کے دفتر نے دھمکانے والے شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی۔

ملزم نے دوران حراست تسلیم کیا کہ ’اگر ہمارے آباؤ اجداد زندہ ہوتے تو وہ (الہان عمر) کے سر میں گولی مار دیتے‘۔

واضح رہے کہ الہان عمر ریاست منیسوٹا سے تعلق رکھنے والی رکنِ پارلیمنٹ ہیں جنہیں گزشتہ برس کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی ملی تھی۔

اس سے قبل الہان عمر نے اپنے اسرائیل مخالف بیان پر بھی معافی مانگی تھی، جس میں انہوں نے امکان ظاہر کیا تھا اسرائیل کے لیے امریکی اراکین کی حمایت کے پسِ پردہ وہ رقم ہے جو اسرائیل حمایتی لابی فراہم کرتی ہے۔

 

نظرات بینندگان
captcha