حج سے متعلق فیصلہ 15 رمضان تک ہوجائے گا، وزیر مذہبی امور

IQNA

حج سے متعلق فیصلہ 15 رمضان تک ہوجائے گا، وزیر مذہبی امور

7:44 - April 12, 2020
خبر کا کوڈ: 3507496
تہران(ایکنا) وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ 15 رمضان المبارک تک رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہوجائے گا۔

حج ادائیگی سے متعلق بیان میں نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی وزارت حج سے مسلسل رابطے میں ہیں تاہم انہوں نے فی الوقت کوئی بھی معاہدہ کرنے سے روک رکھا ہے جبکہ سعودی حکومت، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے پاس حج ادائیگی سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں، سعودی عرب میں رہنے والے صرف حج کی سعادت حاصل کرسکیں، صرف خلیجی ممالک کے حجاج حج کی سعادت حاصل کرسکیں یا تمام ممالک کے کوٹے کو صرف 10 فیصد تک کردیا جائے۔

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت حج سے متعلق پاکستان سے مشاورت کرکے حتمی فیصلہ کرے گی، تاریخ میں 40 مرتبہ سے زائد حج مکمل یا جزوی طور پر نہیں ہوا، میں سمجھتا ہوں کہ حالات بہتر ہوجائیں تو حج ہوگا تاہم 15رمضان المبارک تک اس حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اجتماعی عبادات کرنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں اور تقریباً تمام مذاہب کے پیروکاروں نے اجتماعی عبادات کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔

 

دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی طرح مسلمانوں کی اجتماعی عبادات کو بھی عارضی طور پر محدود کردیا گیا ہے، جہاں سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی پر عارضی پابندی لگا رکھی ہے۔

 

وہیں دنیا بھر میں اسلامی ممالک نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی عارضی طور پر جزوی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

 

لیکن دنیا بھر کے لاکھوں مسلمان جلد ہی شروع ہونے والے فریضہ حج کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں، کیوں کہ تاحال سعودی عرب کی حکومت نے کسی بھی ملک کے ساتھ حج کا معاہدہ نہیں کیا۔

1126127

نظرات بینندگان
captcha