ایکنا نیوز کے مطابق مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی دعوت پر مظاہروں کا اہتمام ہوا، کراچی میں عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی، شہریوں نے فلسطین کے حق میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے بھی لگائے۔
مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے تحت نکلنے والی ریلیاں مختلف علاقوں سے شروع ہوکر پریس کلب پر جمع ہوگئيں۔
سوات میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جبکہ فیصل آباد میں میڈيکل تنظيموں نے ریلی نکالی۔
ملتان، رحیم یار خان، بہاول نگر، خیبر، بنوں، چار سدہ، نصیر آباد، مٹیاری میں بھی عوامی ریلیاں ہوئیں اور فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
لال حویلی میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہاکہ ایک نہ ایک دن مسئلہ کشمیر اور فلسطین ضرور حل ہوگا۔
آزاد کشمیر میں بھی فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گيا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور ان کی کابینہ نے بھی شرکت کی۔
ریلیوں اور احتجاج میں مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے جبکہ اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
کوئٹِہ میں نماز جمعہ کے بعد فلسطینی مظالم اور یوم انہدام جنت البقیع کے حوالے سے مظاہرہ ہوا جسمیں علما نے یہود و آل سعود کے مظالم کو اجاگر کیا ۔