طالبان نے 24 گھنٹے میں 2 صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

IQNA

طالبان نے 24 گھنٹے میں 2 صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

21:02 - August 07, 2021
خبر کا کوڈ: 3509957
طالبان نے سیکیورٹی فورسز سے گھمسان کی جنگ کے بعد افغانستان کے صوبے نمروز کے زرنج اور جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول حاصل کرلیا اور اب گورنر ہاؤس جنگجوؤں کے قبضے میں ہے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے نمروز کے  نائب گورنر حاجی نبی براہوی نے بتایا کہ ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد طالبان نے صوبائی دارالحکومت زرنج پر قبضہ کرلیا جب کہ افغان فوج پسپائی اختیار کرتے ہوئے ضلع دلارام تک محدود ہوگئی۔

 

نمروز پولیس نے شکوہ کیا ہے کہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے لیے فوج نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی پولیس کے تازہ دم دستوں سے ہماری مدد کی گئی تاہم نمروز کے نائب گورنر کا دعویٰ ہے کہ صوبائی دارالحکومت سے طالبان کا قبضہ چھڑوالیا جائے گا۔

 

دوسری جانب دو روز کی گھمسان کی جنگ کے بعد طالبان نے افغان صوبے جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے۔ افغان صدر کے اتحادی وار لارڈ عبد الرشید دوستم کے گھر کو نذر آتش کردیا گیا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ نمروز میں پولیس نے پسپائی اختیار کی یا ہتھیار ڈالا ہے۔ اس حوالے سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں۔ 2016 کے بعد طالبان پہلی بار کسی صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

 

واضح رہے کہ پانچ برس قبل 2016 میں طالبان نے افغان صوبے قندوز کے دارالحکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن جلد ہی اتحادی افواج نے قبضہ واگزار کرالیا تھا تاہم اب طالبان ہلمند، قندھار اور ہرات کے صوبائی دارالحکومتوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

 
نظرات بینندگان
captcha