آب زمزم اور گلاب سے کعبہ کا غسل

IQNA

آب زمزم اور گلاب سے کعبہ کا غسل

9:05 - August 24, 2021
خبر کا کوڈ: 3510083
تہران(ایکنا) امیر کعبہ اور اعلی حکام کی شرکت کے ساتھ خانہ کعبہ کو آب زمزم اور گلاب سے غسل دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی غیر موجودگی میں ان کے مشیر و گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کے فرائض سرانجام دیے۔

 

عموماً غسلِ کعبہ کی نگرانی خادم حرمین شریفین خود کرتے ہیں تاہم اس مرتبہ یہ فریضہ مکہ مکرمہ کے گورنر نے سرانجام دیا۔

گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے عرق گلاب سے معطر آبِ زمزم سے خانہ کعبہ کو اندر سے غسل دیا اور کعبہ شریف کی دیوار کپڑے کے ٹکڑے سے خشک کی۔

خانہ کعبہ کو غسل دیے جانے کے لیے عرق گلاب سے معطر آبِ زمزم کا مرکب کورونا وائرس کی عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے پہلے ہی تیار کرلیا گیا تھا۔

 

کعبہ کو غسل دینے کی تقریب میں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بندر بن سلطان بن عبدالعزیز اور حج و عمرہ کے قائم مقام وزیر ڈاکٹر اسام بن سعد بن سعید نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، ممتاز علما اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔

 

اس موقع پر شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس نے زور دیا کہ ’خانہ کعبہ کو غسل دیے جانے کی رسم مملکت کی دانشمندانہ قیادت کی جانب سے حرمین شریفین کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے'۔

علاوہ ازیں حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر غسل کعبہ کے لیے استعمال کیے جانے والے آلات سے متعلق ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

واضح رہے کہ غسلِ کعبہ کی رسم سال میں دو مرتبہ یکم شعبان اور محرم کے مہینے میں ادا کی جاتی ہے۔

3992661

نظرات بینندگان
captcha