ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس او پاکستان لاڑکانہ ڈویژن یونٹ سٹی جیکب آباد مرکز تبلیغات اسلامی کی طرف سے ڈی سی چوک جیکب آباد پر کانفرنس تصاویری نمائش کا پروگرام کیا گیا جس میں شھر کے معزز اکابرین خواھران نے شرکت کی۔
سندھ میں پیپلز پارٹی ضلع جیکب آباد کے صدر میر لیاقت علی لاشاری کی میزبانی میں ڈی سی چوک جیکب آباد پر عظیم الشان طوفان الاقصیٰ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جیکب آباد کی سیاسی مذہبی جماعتوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے مجاہدین خدا کی نصرت کے سہارے غاصب اسرائیل کے مقابلے میں جرئت و شجاعت سے میدان میں لڑ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا: فلسطینی خدا کے دین کی سربلندی اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ یہ قربانیاں اور شہداء کا پاکیزہ لہو بیت المقدس کی آزادی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے مگر مسلم حکمران امریکی غلامی میں غرق ہیں۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کو امریکہ اور اسرائیل کی مکمل حمایت حاصل ہے بلکہ امریکہ براہ راست مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین عنقریب خدا کے لشکر کے ہاتھوں آزاد ہوگا۔ جن مسلم حکمرانوں کی گردن میں امریکی غلامی کا طوق ہے وہ تاریخ میں رسوا ہوں گے حماس جہاد اسلامی فلسطین حزب اللہ اور انصار اللہ کے حوثی مجاہدین اسرائیل کو نابود کریں گے۔
کانفرنس سے ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی میر لیاقت علی لاشاری ضلع صدر جمعیت علمائے اسلام ڈاکٹر اے جی انصاری ضلع صدر جماعت اسلامی دیدار علی لاشاری سید احسان علی شاہ بخاری ملک الطاف حسین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو و دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین میں علامہ مقصود علی ڈومکی،مرکزی رہنماء مجلس وحدت پاکستان، برادر ریاض حسین الحسینی ڈویژنل صدر آئی ایس او پاکستان لاڑکانہ ،ایڈووکیٹ محترم عبد الحی سومرو،مھران سوشل فورم، ڈاکٹر اے جی انصاری،رہنماء جمعیت علماء رہنماء جیکب آباد اور دیگر شامل تھے۔
پروگرام کے آخر میں شمع روشن کیے گئے، دوران پروگرام نقاشی پرنٹنگ کامپیٹیشن کا پروگرام بھی کیا گیا جس میں محبین علامہ اقبال،محبین یونٹ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔/