روزے کا انسانی نفسیات پر اثر: اسٹریس میں کمی اور سکون

IQNA

روزے کا انسانی نفسیات پر اثر: اسٹریس میں کمی اور سکون

5:14 - March 05, 2025
خبر کا کوڈ: 3518087
ایکنا: روزہ نہ صرف تقوی کا سبب ہے بلکہ ایک معنوی عبادت کے علاوہ نفسیاتی اثرات بھی رکھتا ہے اور روح و جسم کو آرام دیتا ہے۔

ایکنا نیوز- روزہ کا عمل روزمرہ کے دباؤ کو کم کرنے اور اندرونی سکون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ قرآنی تعلیمات میں، سکون حاصل کرنے کا ایک ذریعہ عبادت بتایا گیا ہے۔ قرآن کریم میں سورہ رعد، آیت 28 میں ارشاد ہوتا ہے:

"الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُم بِذِكْرِ اللَّهِ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ" یعنی جو لوگ ایمان لائے اور ان کے دل اللہ کے ذکر سے مطمئن ہوتے ہیں،

 خبردار! صرف اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو سکون ملتا ہے۔

یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اللہ کا ذکر اور عبادت انسان کے قلبی سکون اور دباؤ میں کمی کا ذریعہ ہیں۔ عبادت ایک روحانی حل کے طور پر انسان کی ذہنی اور نفسیاتی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور اسے روزمرہ کی فکروں اور پریشانیوں سے دور رکھتی ہے۔

چونکہ روزہ بھی ایک عبادت ہے، اس لیے یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ روزہ سکون کا باعث بنتا ہے۔ روزہ داری نفس کی پاکیزگی، صبر اور استقامت کی تربیت کا موقع فراہم کرتی ہے، جو اندرونی سکون حاصل کرنے اور روزمرہ کے دباؤ سے دور رہنے میں مدد دیتی ہے۔ قرآن کریم سورہ بقرہ، آیت 183 میں ارشاد فرماتا ہے: "يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ" یعنی اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ۔

یہ آیت ظاہر کرتی ہے کہ روزہ داری تقویٰ اور پرہیزگاری کا سبب بنتی ہے، جو خود بھی دباؤ میں کمی اور سکون میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

سائنسی اعتبار سے بھی متعدد تحقیقات نے ثابت کیا ہے کہ روزہ داری ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزہ رکھنے سے دباؤ کے ہارمونز جیسے کہ کورٹیزول کی سطح میں کمی آتی ہے، جس سے ذہنی سکون میں بہتری آتی ہے۔ اسی طرح، روزہ جسم میں اینڈورفنز کی مقدار کو بڑھاتا ہے، جو خوشی اور سکون کے احساسات کو تقویت دیتے ہیں۔

مجموعی طور پر، قرآن کریم روزہ داری کو ایک اہم اور بامقصد عبادت کے طور پر پیش کرتا ہے، جو انسان کی ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔ روزہ داری اور اللہ کے ذکر سے انسان روحانی سکون حاصل کر سکتا ہے، جو نہ صرف دباؤ کو کم کرتا ہے بلکہ زندگی کے معیار کو بھی بہتر بناتا ہے۔ یہ مقدس عبادت انسان کو ایک خاص مہینے میں نفس کی پاکیزگی، سماجی تعلقات کی بہتری اور ایمان میں مضبوطی کا موقع فراہم کرتی ہے، تاکہ وہ ایک بہتر اور پُرسکون زندگی کی طرف گامزن ہو سکے۔/

ٹیگس: روزہ ، صحت ، جسم ، اثرات ، رمضان
نظرات بینندگان
captcha