ایکنا نیوز – خبررساں ادارے "سیدتی" کے مطابق سعودی وزارتِ امور اسلامی نے اس میلے میں ایک خصوصی اسٹال قائم کیا، جہاں 10 ہزار قرآنِ مجید کے نسخوں میں سے 6 ہزار نسخے زائرین کو بطور تحفہ پیش کیے گئے۔
اس اسٹال پر قرآنِ کریم کی مختلف سائزوں میں مطبوعہ کاپیاں، قرآن کے تراجم، اور "ملک فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس" کی شائع کردہ اشاعتیں بھی عوام کے لیے نمائش میں رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ، سعودی وزارت کے مختلف علمی اور دینی کتب بھی پیش کی گئیں۔
اس اسٹال کی ایک اور خاص بات جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی ایپلیکیشنز اور انٹرایکٹو پروگرامز کی پیشکش تھی، جن میں حج و عمرہ کی تھری ڈی ایپ، اور مسجد الحرام (مکہ) و مسجد نبوی (مدینہ) کی ورچوئل زیارت جیسی ایپلیکیشنز شامل تھیں جو ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔
وزارتِ امور اسلامی سعودی عرب مختلف ملکوں کے کتاب میلوں میں شرکت کو قرآن، اسلام، اور امت مسلمہ کی خدمت کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت اس نے تیونس کے 39ویں بینالمللی کتاب میلے میں شرکت کی اور قرآنِ مجید کے نسخے تقسیم کیے۔
یہ بینالمللی کتاب میلہ 25 اپریل 2025 کو تیونس کے "الکرم" علاقے میں واقع نمائش گاہ میں "پڑھیں تاکہ ہم تعمیر کریں" کے نعرے کے ساتھ شروع ہوا تھا، اور یہ آج، 4 مئی 2025 کو اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
اس میلے میں 29 ممالک شریک ہیں، جبکہ چین اس بار مہمانِ خصوصی ہے۔ چینی وفد نے 500 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل اسٹال قائم کیا ہے، جہاں 40 چینی اشاعتی ادارے مختلف سرگرمیوں اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔/
4279862