ایکنا نیوز - واس خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی(ص) کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارۂ کل نے حج 1446 ہجری کے موسم کے موقع پر پہلی بار مسجد الحرام کے قلب میں خواتین کے لیے مخصوص نماز کے ہال مختص کیے ہیں۔
اس ادارے نے خواتین زائرین کے لیے مخصوص نئے نماز ہالز میں یکساں خدمات فراہم کی ہیں، جن میں ہنگامی طبی ضروریات کے لیے امدادی ٹیموں کے ذریعے طبی نگہداشت کا شعبہ، اور گمشدہ اشیاء کے لیے مخصوص جگہ شامل ہے تاکہ ان کی تلاش کو تیز تر کیا جا سکے۔
ادارے نے مزید یہ اقدامات بھی کیے ہیں: ان مقامات پر قرآن حفظ کرنے اور تلاوت کی تصحیح کے حلقے قائم کیے گئے ہیں، قرآن کے تراجم کی کاپیاں فراہم کی گئی ہیں، شرعی مسائل اور مناسکِ حج کے حوالے سے رہنمائی و ارشاد کی سہولیات دی گئی ہیں، نماز کے ہالز اور راہداریوں میں آمد و رفت کو منظم کیا گیا ہے، اور معذور افراد کے لیے مخصوص راستے اور وہیل چیئرز کے ساتھ مکمل طور پر لیس نماز ہالز مہیا کیے گئے ہیں۔
ادارۂ کل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ خواتین پر مشتمل رضاکار ٹیمیں حج کے خاص ایام میں خواتین زائرین کی ضروری معاونت کے لیے تیار ہیں، اور وہ مستقل بنیادوں پر خواتین کے نماز ہالز کی صفائی کا اہتمام کرتی ہیں، نیز مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں ہاتھ صاف کرنے کے لیے سینیٹائزر بھی زائرین کے لیے دستیاب ہیں۔/
4283667