مسجدالنبی(ص) میں خواتین کے لیے معلوماتی سکرین نصب

IQNA

مسجدالنبی(ص) میں خواتین کے لیے معلوماتی سکرین نصب

5:20 - May 26, 2025
خبر کا کوڈ: 3518542
ایکنا: مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے شعبہ امورِ خواتین نے پہلی بار خواتین کے نمازخانوں میں جدید اسمارٹ اسکرینیں نصب کی ہیں تاکہ ان کی دینی اور معرفتی آگہی کو فروغ دیا جا سکے۔

ایکنا نیوز، الصباح العربی نیوز کے مطابق یہ اسمارٹ اسکرینیں جدید، تخلیقی اور آسان انداز میں دینی معلومات تک رسائی کو سہل بنانے کے مقصد سے مسجد نبویؐ میں نصب کی گئی ہیں۔ ان کے ذریعے خواتین زائرین دینی کتب کا مطالعہ کر سکتی ہیں اور ۱۹ زبانوں میں فتاویٰ اور دینی مواد سے استفادہ حاصل کر سکتی ہیں۔

یہ اسکرینیں مسجد نبویؐ میں مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی زائر خواتین کے لیے نصب کی گئی ہیں، اور ان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ دینی علم کو آسان، قابلِ رسائی اور مؤثر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زائرین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں اور ان کے روحانی تجربے کو تقویت دی جا سکے۔

دوسری جانب، مسجد الحرام کے شعبہ امورِ خواتین نے بھی ایک علمی منصوبے "زاد" کے تحت "صحیح مسلم" کی کتاب "حج" کی علمی تشریح کے پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ اسلامی اعتدال پسندی کے فروغ اور مناسک حج کی بہتر تفہیم کو ممکن بنایا جا سکے۔

اس بارے میں مسجد الحرام کے شعبہ امورِ خواتین کی معاون، عائشہ العقلا نے کہا: "یہ منصوبہ علمی بنیادوں پر حج کی خواہشمند خواتین کو صحیح رہنمائی اور ضروری معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔"

یہ تمام اقدامات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے عملی منصوبے کا حصہ ہیں، جو حج ۱۴۴۶ ہجری کے موسم کے لیے تیار کیا گیا ہے، اور ان کا مقصد زائرین کے مذہبی تجربے کو بہتر بنانا اور مناسکِ حج کی ادائیگی کو اسلامی ہدایات کے مطابق آسان بنانا ہے۔/

 

4284503

نظرات بینندگان
captcha