مصری ٹیلی ویژن میں تلاوت و ترتیل کا عظیم مقابلہ

IQNA

مصری ٹیلی ویژن میں تلاوت و ترتیل کا عظیم مقابلہ

7:25 - June 05, 2025
خبر کا کوڈ: 3518602
ایکنا: وزارت اوقاف مصر اور " المتحدہ" میڈیا کے تعاون سے شاندار قرآن مقابلے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

ایکنا نیوز- صدی البلد نیوز کے مطابق مصری وزارت اوقاف نے اعلان کیا ہے کہ اس نے "المتحدہ" میڈیا سروسز کمپنی کے ساتھ مل کر ایک بڑے ٹیلی ویژن پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد قرآنِ کریم کی تلاوت میں موجود باصلاحیت افراد کی شناخت اور ان کی سرپرستی ہے۔ یہ پروگرام پورے مصر کی سطح پر، مختلف صوبوں میں منعقد ہوگا۔

اس سلسلے میں وزیر اوقاف اسامہ الازہری نے "احمد فائق"، جو کہ "المتحدہ" میڈیا کمپنی کے پروگرامنگ شعبے کے سربراہ ہیں، اور ان کے وفد کو نئے انتظامی دارالحکومت میں وزارت کے دفتر میں خوش آمدید کہا اور اس ملاقات میں اس مقابلے کے انعقاد کے حتمی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

یہ مقابلہ مصر کے قرآنی سرگرمیوں میں قائدانہ کردار کو جاری رکھنے، اور اس ملک کی بطور "سرزمینِ تلاوت" تاریخی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے قرآن اور اہلِ قرآن کی خدمت میں مصر کی شاندار تصویر دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی۔

اس پروگرام کے دیگر مقاصد میں شامل ہیں:

·       نئے اور باصلاحیت قاریوں کی دریافت جو اپنی آواز اور انداز میں شیخ محمود خلیل الحصری، استاد عبدالباسط عبدالصمد، شیخ محمد صدیق المنشاوی، مصطفی اسماعیل، محمود علی البنا اور شیخ سید سعید جیسے عظیم قاریوں کے نقش قدم پر چل رہے ہوں۔

·       نوجوان قراء کی سرپرستی اور تربیت۔

·       قرآنی پیغام کو عوام تک بہتر انداز میں پہنچانا۔

اس مقابلے کی نگرانی مصری علماء اور ممتاز قراء پر مشتمل کمیٹیاں کریں گی، جو علمی، فنی، اور تجوید کے معیارات کی بنیاد پر بہترین قرآنی صلاحیتوں کو منتخب کریں گی۔

یہ مقابلہ تمام مصری شہریوں کے لیے کھلا ہوگا اور تمام عمر کے افراد بلا کسی رکاوٹ کے اس میں شرکت کر سکتے ہیں۔

مقابلے میں شرکت کے لیے شرائط:

1.     احکامِ تجوید پر مکمل عبور ہونا چاہیے۔

2.     امیدوار صرف ایک شعبے (تجوید یا ترتیل) میں ہی شرکت کر سکتے ہیں۔

3.     ریڈیو مصر کے قاری یا مبتهل اس مقابلے میں شرکت نہیں کر سکتے۔

4.     وہ افراد بھی اس میں شریک نہیں ہو سکتے جو وزارتِ اوقاف سے منظور شدہ قاری ہوں اور ملک کے بڑے مساجد یا سرکاری تقریبات میں قرآن کی تلاوت کرتے ہوں۔

انعامات کی تفصیل:

·       پہلی پوزیشن (تجوید): 1,000,000 مصری پاؤنڈ

·       پہلی پوزیشن (ترتیل): 1,000,000 مصری پاؤنڈ

·       دوسری پوزیشن (تجوید و ترتیل): 500,000 مصری پاؤنڈ

·       تیسری پوزیشن (تجوید و ترتیل): 250,000 مصری پاؤنڈ

قابل ذکر ہے کہ یہ مقابلہ مصر میں اب تک کے سب سے بڑے قرآنی ٹی وی مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔/

 

4286308

نظرات بینندگان
captcha