برطانیہ میں اسلام مخالف کتاب کی اشاعت سے فضاء کشیدہ

IQNA

برطانیہ میں اسلام مخالف کتاب کی اشاعت سے فضاء کشیدہ

6:50 - July 13, 2025
خبر کا کوڈ: 3518792
ایکنا: جبکہ برطانیہ میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں ایک برطانوی مصنف کی نئی کتاب، جس میں اسلام کو عیسائیت کا دشمن قرار دیا گیا ہے، برطانیہ کے علمی و سیاسی حلقوں میں بحث کا باعث بن گئی ہے۔

ایکنا کے مطابق، فائیو پیلارز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی مصنف ٹم ڈیئپ (Tim Dieppe) کی نئی کتاب، جس میں انہوں نے اسلام کو عیسائیت کا دشمن قرار دیتے ہوئے برطانیہ میں اسلام کے پھیلاؤ کو خطرناک قرار دیا ہے، علمی اور سیاسی حلقوں میں شدید تنازع کا سبب بنی ہے۔ یہ کتاب مسلمانوں کے خلاف دشمنانہ بیانیے میں خطرناک شدت کی عکاس ہے۔

کتاب "اسلام کا چیلنج: برطانیہ میں اسلام کے بڑھتے ہوئے اثر کو سمجھنا اور اس کا جواب دینا" (The Challenge of Islam: Understanding and responding to Islam’s increasing influence in the UK) حال ہی میں ویلبرفورس پبلیشرز کے ذریعے شائع ہوئی ہے۔ یہ کتاب مذہبی اشتعال انگیزی کے ساتھ ثقافتی خوف کو جوڑتی ہے اور برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کو ایک بند، انتہاپسند اور غیرمتحد طبقے کے طور پر پیش کرتی ہے۔

ٹم ڈیئپ نے ایک ایسا موقف اختیار کیا ہے جس کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو "نجات" دی جا سکتی ہے لیکن اسلام کو نہیں۔ انہوں نے کثیر الثقافتی (multiculturalism) اصول پر بھی حملہ کرتے ہوئے مختلف ثقافتوں کے احترام اور ادیان کے درمیان مساوات کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مغربی عیسائی اقدار، اسلامی اقدار سے برتر ہیں، جو دراصل امتیازی سلوک کو جائز اور نفرت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتا ہے۔

کتاب میں اسلامی بیانیے پر پابندی لگانے اور اسلام سے متعلق اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کی ضمنی تجاویز بھی دی گئی ہیں، جنہیں برطانوی شناخت کے تحفظ کے بہانے پیش کیا گیا ہے، حالانکہ یہ بات خود برطانوی جمہوری اصولوں سے متصادم ہے جن کا یہ مصنف دعویٰ کرتا ہے۔

کتاب کے تعارف میں کہا گیا ہے: "اسلام کا اثر برطانیہ میں تیزی سے بڑھ رہا ہے"۔

یہ کتاب ایسے وقت میں شائع ہوئی ہے جب برطانیہ میں اسلاموفوبیا بڑھ رہا ہے اور مساجد پر حملے، نیز تعلیم، ملازمتوں اور میڈیا میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس پس منظر میں، یہ کتاب اس "نرم جنگ" کا حصہ معلوم ہوتی ہے جو مغرب میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہریلے خیالات اور الفاظ کے ذریعے چھیڑی گئی ہے۔/

 

4293808

نظرات بینندگان
captcha