مغربی کنارے میں توہین قرآن اور گھروں کی تلاشی

IQNA

مغربی کنارے میں توہین قرآن اور گھروں کی تلاشی

7:02 - June 16, 2026
خبر کا کوڈ: 3520331
ایکنا: صہیونی قابض افواج نے اتوار کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور پناہ گزین کیمپوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا، جبکہ اسی دوران یہودی آبادکاروں نے بھی متعدد حملے کیے۔

ایکنا نیوز-  اطلاع رساں ادارے 24  نیوز کے مطابق مغربی کنارے کے شمال میں واقع سلفیت کے مغرب میں شہر الزاویہ میں قابض اسرائیلی فوج نے وسیع پیمانے پر چھاپے اور تلاشیاں لیں۔ اس دوران فلسطینی شہریوں کے گھریلو سامان کو نقصان پہنچایا گیا، متعدد نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ایک گھر میں موجود قرآنِ کریم کا نسخہ بھی پھاڑ دیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوجیوں نے اس کارروائی کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا، انہیں مارا پیٹا اور گھنٹوں تک موقع پر ہی تفتیش کا نشانہ بنایا۔

نابلس میں قابض افواج نے جنوبی مغربی کنارے کے گاؤں عصیرہ القبلیہ پر حملے کے دوران، قریوت قصبے، طوباس کے مشرق میں واقع تیاسیر گاؤں اور سلفیت کے مغرب میں الزاویہ شہر پر بھی یلغار کی۔ اس دوران جنگی گولہ بارود اور صوتی بم استعمال کیے گئے۔

جنین میں بھی قابض افواج نے پناہ گزین کیمپ کے قریب "الہدف" کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور ایک رہائشی عمارت پر حملہ کرکے ایک خاتون اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

صہیونی افواج نے الخلیل کے شمالی علاقوں، مقبوضہ بیت المقدس کے شمال اور رام اللہ میں دیر ابومشعل اور جلازون پناہ گزین کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور متعدد گھروں کی تلاشی لی۔

الخلیل میں اسرائیلی فوج نے شہر پر یلغار کے ساتھ وسیع پیمانے پر گرفتاریاں بھی کیں، جن میں زیادہ تر وہ فلسطینی شامل تھے جو پہلے اسرائیلی جیلوں سے رہا ہو چکے تھے۔

فلسطینی اداروں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کی جانب سے 1659 حملوں کا ریکارڈ درج کیا گیا۔

ان خلاف ورزیوں میں آبادکاروں کے 551 براہِ راست حملے شامل تھے، جن کے نتیجے میں سلفیت اور رام اللہ کے صوبوں میں دو فلسطینی شہید ہوئے۔/

 

4358335

نظرات بینندگان
captcha