
ایکنا نیوز- الفرات نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بغداد آپریشنز کمانڈ کے سربراہ ولید خلیفہ التمیمی نے تمام فوجی یونٹوں کی جنگی تیاری بڑھانے اور ماہِ محرم الحرام کے دوران پیشگی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بغداد آپریشنز کمانڈ کے بیان کے مطابق، التمیمی نے محرم الحرام اور زیارتِ اربعین کے لیے تیار کردہ سکیورٹی اور خدماتی منصوبے کا جائزہ لینے اور عاشورا کے دنوں اور راتوں میں اس کے نفاذ کے طریقۂ کار پر غور کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے فوجی یونٹوں کی جنگی تیاری میں اضافے، پیشگی سکیورٹی آپریشنز کے تسلسل، اور قانون شکن عناصر، منظم جرائم پیشہ گروہوں اور معاشرتی امن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انٹیلی جنس اور مسلح نگرانی کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
کمانڈر بغداد آپریشنز نے محتاط رہنے، مکمل چوکسی اختیار کرنے، انٹیلی جنس سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے یا مذہبی شعائر کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ کسی بھی عنوان یا جواز کے تحت مسلح مظاہروں کی اجازت نہ دی جائے اور محرم الحرام اور زیارتِ اربعین کے سکیورٹی منصوبے کے دوران سڑکوں اور راستوں کو بند کرنے سے گریز کیا جائے۔
التمیمی نے زائرین کو کھانے پینے اور طبی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز اور ذرائع کا جائزہ لینے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام سرکاری اداروں، محکموں اور حسینی مواکب کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ حفاظتی اور سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔/
4358360