اربعین کے دوران قرآنی اسٹیشنز سے ہزاروں زائرین مستفید

IQNA

8:19 - August 09, 2026
خبر کا کوڈ: 3520558

اربعین کے دوران قرآنی اسٹیشنز سے ہزاروں زائرین مستفید

ایکنا: حرم مقدس امام حسینؑ کے دارالقرآن نے نجف کے حوزہ علمیہ کے تعاون سے اربعین حسینیؑ کے موقع پر قائم کیے گئے قرآنی اسٹیشنز سے 80 ہزار سے زائد زائرین کو قرآنی اور دینی خدمات فراہم کی گئیں۔

2

عراق سے ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، امام حسینؑ کی زیارت اربعین کے دوران اس منصوبے کے ذریعے 81 ہزار سے زائد افراد کو خدمات فراہم کی گئیں۔ اس پروگرام میں 750 مرد و خواتین قرآنی اساتذہ نے شرکت کی، جنہوں نے کربلا اور عراق کے بعض دیگر صوبوں میں قائم 90 قرآنی اسٹیشنز پر خدمات انجام دیں۔

حرم حسینی کے دارالقرآن کے سربراہ شیخ خیرالدین الہادی نے کہا کہ قرآنی اسٹیشنز کو زائرین کی جانب سے ملنے والی بھرپور پذیرائی اس منصوبے کی کامیابی اور زائرین تک قرآنی پیغام پہنچانے میں اس کے مؤثر کردار کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے کارکنوں نے سات روز تک بھرپور محنت کے ساتھ زائرین میں قرآنی آگاہی پیدا کرنے اور انہیں قرآنی و تعلیمی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی، جس سے قرآنی تلاوت کی اصلاح اور دینی و ثقافتی شعور میں اضافے میں مدد ملی۔

الہادی نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف نوعیت کی سرگرمیاں انجام دی گئیں، جن میں 7 بین الاقوامی قرآنی محافل اور 47 مقامی قرآنی محافل شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ادارے نے 23 مقابلے اور سیمینارز اور مختلف قرآنی و دینی موضوعات پر 82 آگاہی لیکچرز بھی منعقد کیے۔ زائرین میں 25 ہزار سے زائد متبرک تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی سالانہ کامیابیاں مستقبل میں اس کی خدمات کو مزید ترقی دینے اور وسعت دینے کے لیے ایک محرک ہیں، جس سے زائرینِ حسینی کے لیے قرآنی پروگراموں کی فراہمی کو مزید تقویت ملے گی۔

الہادی نے آخر میں کہا کہ یہ منصوبہ معاشرے میں قرآنی ثقافت کے فروغ اور اس کی اقدار کو راسخ کرنے کے حوالے سے حرم مقدس امام حسینؑ کی ذمہ داری اور مشن کی بھی عکاسی کرتا ہے۔/

 

4368544

نظرات بینندگان
captcha