ایکنا نیوز-ڈیلی اساس-سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے پاکستان میں انگوٹھے کے نشان کی شرط سے ملک کے دوردراز علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔سعودی حکومت نے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے عمرہ زائرین کے لئے سعودی عرب آمد سے قبل ان ممالک میں ہی انگوٹھے کے نشان کی شرط کو لازمی قرار دے دیا ہے اس سے قبل عمرہ زائرین کے سعودی عرب آمد کے موقع پرفنگرپرنٹ لئے جاتے تھے اس دوران عمرہ زائرین کی چھ چھ گھنٹے تک طویل لائنیں لگتی تھیں اور وقت کا ضیاع ہوتا تھا۔ کسی زائرکے فنگرپرنٹ میچ نہ ہونے کی صورت میں اسے ڈی پورٹ بھی کیا جاتا تھا۔ حج وعمرہ گروپ آرگنائزرز نے سعودی حکومت کی اس شرط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شرط سے عمرہ زائرین کو شدید مشکلات پیش آئیں گی کیونکہ سعودی حکومت نے پاکستان میں صرف ایک کمپنی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ ملک کے پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں اپنے مراکزکھولے اور عمرہ زائرین کے فنگرپرنٹ لینے کا کام شروع کرے کیونکہ اس عمل کے بغیر عمرے کا ویزہ نہیں دیا جائے گا۔