ایکنا نیوز - شفقنا- اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 89 ہے، 309 پاکستانی حجاج کا پتہ چل گیا، 43 اب تک لاپتہ ہیں، وفاقی وزیر نے حج آپریشن کو مثالی قرار دیتے ہوئے کوتاہی کے الزمات مسترد کردیے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ سانحہ منیٰ کے دوران ان سمیت تمام اسٹاف جائے حادثہ پر موجود تھا تاہم حجاج کے ٹیلی فون گم ہونے کے باعث رابطے نہیں ہورہے تھے، حج مشن آفس میں کال سینٹر اور حادثے کے چوتھے دن عزیزہ میں ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 89 ہے، 5 پاکستانی حجاج مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 43 اب تک لاپتہ ہیں، سعودی عرب میں مقیم 10 پاکستانی گمشدہ حاجیوں میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج آپریشن 14-2013ء کو ہر لحاظ سے مثالی قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی، مدینہ منورہ میں مرکزیہ سے باہر رہائش پذیر حجاج کو 400 ریال واپس کئے جائیں گے۔