
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق یاسر بشیر نے الزام لگایا ہے کہ اس کے دوست ندیم جیمز نے اسے واٹس اپ پر ایک پیغام بھیجا تھا، جس میں توہین رسالت کا ارتکاب کیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک مقامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 'پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ندیم جیمز کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا آغاز کردیا ہے کیونکہ وہ گھر سے فرار ہوچکا ہے'۔
ایک اور پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ندیم جیمز کے رشتے داروں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ضلع گجرات میں سرائے عالم گیر کے علاقے میں مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، جہاں بشیر کی شکایت کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔
پولیس نے ندیم جیمز کے خلاف توہین رسالت کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 259 سی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔