مصری قاری کی جانب سے آستانہ حسینی کی قرآنی سرگرمیوں کی تعریف

IQNA

مصری قاری کی جانب سے آستانہ حسینی کی قرآنی سرگرمیوں کی تعریف

8:39 - June 11, 2026
خبر کا کوڈ: 3520316
ایکنا: عبدالفتاح طاروطی نے روضۂ مقدس حسینی کی جانب سے قرآنی سرگرمیوں کی سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حفظِ قرآن کے پروگراموں اور مہمات کی حمایت ایک عظیم اور عالمی پیغام ہے، جو دنیا بھر میں قرآنِ کریم کے نور کے فروغ کا سبب بن رہا ہے۔

ایکنا نیوز- الکفیل نیوز کے مطابق نامور مصری قاری شیخ عبدالفتاح طاروطی، جو مصر کی قراء یونین کے نائب صدر بھی ہیں، نے عالمی ہفتۂ قرآن کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یہ پروگرام روضۂ مقدس حسینی کے زیر اہتمام 30 ممالک کی شرکت سے منعقد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب روضۂ مقدس حسینی حفظِ قرآن کی مہمات اور منصوبوں کی سرپرستی کرتا ہے تو درحقیقت وہ قرآنِ کریم کے اس نور کو دنیا بھر میں پھیلانے کا ذریعہ بنتا ہے جو رسول اکرمؐ اور اہلِ بیتؑ کی خوشبو سے معطر ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک عظیم پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے حقیقی مفہوم کو ہر شخص کو سمجھنا چاہیے۔

طاروطی نے مزید کہا کہ یہ کردار کتابِ الٰہی اور اس کے حاملین کی خدمت و تکریم کے حوالے سے اعلیٰ ترین توجہ اور اہتمام کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے بقول، اس قسم کی سرپرستی قرآنِ کریم کے لیے انتہائی احترام اور تعظیم کا مظہر ہے اور رسول اللہؐ اور آپؐ کے اہلِ بیتؑ سے محبت کے حقیقی معنی کو مجسم کرتی ہے۔

روضۂ مقدس حسینی قرآنِ کریم اور اس کے علوم کی ترویج کے لیے مختلف قرآنی منصوبوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد حفاظِ قرآن کی تربیت اور حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ عراق اور عالمِ اسلام کے قراء کرام کی سرپرستی بھی ہے۔ ان سرگرمیوں میں قرآنی محافل کا انعقاد، تخصصی تربیتی کورسز، بین الاقوامی مقابلوں کی معاونت اور مختلف ممالک سے آنے والے قرآنی وفود کی میزبانی شامل ہے۔

عالمی ہفتۂ قرآن کی تقریبات میں پانچویں بین الاقوامی کربلا ایوارڈ برائے قراءت و حفظِ قرآن کے علاوہ پہلی بین الاقوامی ’’جوانان‘‘ (نونہالان) قرآنی مسابقات، چوتھی بین الاقوامی خطاطی نمائش ’’نبأ عظیم‘‘ اور دیگر متعدد قرآنی پروگرام شامل ہیں۔

یہ مقابلے اور سرگرمیاں بین الاقوامی ہفتۂ قرآنِ کربلا کے اختتام تک جاری رہیں گی، جبکہ اختتامی تقریبات آج (11 جون) کو روضۂ مقدس امام حسینؑ میں عراقی وقت کے مطابق شام 4 سے 6 بجے اور رات 8:30 سے 10 بجے تک منعقد ہوں گی۔/

 

4357376

نظرات بینندگان
captcha