
ایکنا نیوز - عراقی خبر رساں ایجنسی نون کے حوالے سے محکمۂ شعائر و مواکبِ حسینی نے بتایا کہ محرم کے عزائی اور خدماتی مواکب کے لیے 14 ہزار مالی معاونتی اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں، جن سے عراق کے مختلف صوبوں اور دیگر ممالک سے آنے والے مواکب مستفید ہوں گے۔ محکمہ نے مزید واضح کیا کہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران عزائی اور خدماتی مواکب کے لیے 746 باضابطہ اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
اس محکمے کے سربراہ محمد کریم عزیز نے نون نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے ماہِ محرم کے پہلے دس دنوں اور عاشورائے حسینی کی تقریبات کے انعقاد کے لیے تمام ابتدائی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اسی مقصد کے لیے سرکاری اجازت ناموں کے اجراء اور تنظیم کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی تین اداروں پر مشتمل ہے: بین الحرمین انتظامیہ، کربلا پولیس کمانڈ اور روضۂ مقدس حسینی۔ یہ کمیٹی عزائی اور خدماتی مواکب کو سرکاری اجازت نامے جاری کرنے کی ذمہ دار ہے۔
.

محمد کریم عزیز کے مطابق، اجلاس میں ماہِ محرم کے پہلے عشرے کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ تقریبات یکم محرم کی شب پرچمِ عزا کی تبدیلی کی رسم سے شروع ہوں گی اور دسویں محرم کو طویریج کے عظیم عزاداری جلوس تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے محرم کے مقابلے میں اس سال مواکب کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ زیارتِ اربعین کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے 14 ہزار عزائی اور خدماتی حسینی مواکب کے لیے مالی معاونتی اجازت نامے جاری کیے ہیں، جو عراق کے تمام صوبوں اور مختلف ممالک سے آتے ہیں، اور ان کی تعداد ہر سال مسلسل بڑھ رہی ہے۔/
4357365