
ایکنا نیوز- العالم نیوز چینل کے مطابق مصر کے شہر طنطا میں پام سنڈے کے موقع پر دو قطبی گرجاگھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکے ایسے موقع پر ہوئے ہیں جب ایک ہفتے بعد عیسائی برادری ایسٹر کا تہوار منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس بھی رواں ماہ مصر کا دورہ کرنے والے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق دریائے نیل کے قریب واقع شہر طنطا کے ایک گرجا گھر میں ہوا جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے۔
دوسرا دھماکا چند گھنٹوں بعد شہر اسکندریہ کے ایک گرجا گھر میں ہوا، یہ خود کش دھماکا تھا جس میں قطبی پوپ کی تاریخی نشست کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں3 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ پام سنڈے عیسائیوں کے مقدس دنوں میں سے ایک ہے جس کو وہ حضرت عیسیٰ کو یروشلم میں فاتح کے طورپر داخل ہونے کی مناسبت سے مناتے ہیں۔
میڈیا میں چرچ کے اندر کے دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی اور خون میں لت پت لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔
ان دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے قبول کی گئی جبکہ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے قومی دفاع کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ وہ خود بھی طنطا کا دورہ کریں گے۔