’جب تک مطالبات پورے نہیں ہوجاتے دھرنا جاری رہے گا‘

IQNA

’جب تک مطالبات پورے نہیں ہوجاتے دھرنا جاری رہے گا‘

18:40 - April 08, 2018
خبر کا کوڈ: 3504417
بین الاقوامی گروپ: ہماری جماعت کا دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں، ہم پُرامن لوگ ہیں اور صرف فیض آباد معاہدے پر مکمل عمل چاہتے ہیں. خادم حسین رضوی

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے داتا دربار کے سامنے جاری دھرنا ساتویں روز میں داخل ہوگیا جبکہ جماعت کے سربراہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ فیض آباد معاہدے پر مکمل عمل درآمد تک دھرنا جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ داتا دربار کے سامنے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا دھرنا ساتویں روز میں داخل ہوگیا۔

جہاں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خادم حسین رضوی نے کہا کہ ’ہماری جماعت کا دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں، ہم پُرامن لوگ ہیں اور صرف فیض آباد معاہدے پر مکمل عمل چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والوں کو قوم کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔

سربراہ تحریک لبیک پاکستان کا کہنا تھا کہ لوگ دھرنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں مگر یہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات مان نہیں لیے جاتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔

رواں سال میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان آئندہ الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ پیر سے تحریک لبیک پاکستان کے کئی سو کارکنان داتا دربار کے باہر دھرنے پر موجود ہیں تاہم پولیس کی جانب مظاہرین کو اب تک منتشر نہیں کیا گیا۔

نظرات بینندگان
captcha