آزاد کشمیر: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی

IQNA

آزاد کشمیر: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی

8:08 - September 26, 2019
خبر کا کوڈ: 3506673
بین الاقوامی گروپ-ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے کے آفٹر شاکس آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں اب تک محسوس کیے جا رہے ہیں جب کہ زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔

ایکنا نیوز- جیو نیوز کے مطابق

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین میں گہرائی کم ہونے کی وجہ سے قریبی علاقوں میں زیادہ نقصانات کا خدشہ ہے۔

آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق میرپور میں آج صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے مطابق زلزلے میں اب تک 37 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہیں۔

جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میرپور آزاد کشمیر نے بتایا کہ ملبے سے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں امددی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جن کے گھر تباہ ہو گئے ہیں ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جب کہ شدید زخمی علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha