ڈان نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق صبح کوئٹہ مستونگ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 20 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں کوئٹہ کے ایف سی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ اظہر اکرم نے دھماکے کے نتیجے میں3 افراد کے جاں بحق اور 15 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
قبل ازیں 22 اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے گچک میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن شہید اور دو جوان زخمی ہوگئے تھے۔