ایکنا نیوز کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ اور شہید قدس سردار قاسم سلیمانی کی تیسری برسی کے موقع پر خانہ فرھنگ ایران کوئٹہ میں مجلس ترحیم کا اہتمام کیا گیا، مجلس ترحیم سے امام جمعہ سید ہاشم موسوی، علامہ جمعہ اسدی، امیر جماعت اسلامی عبدالحق ہاشمی سمیت دیگر شیعہ سنی علما نے خطاب کیا۔ مجلس سے خطاب میں رہنمائوں نے شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی مہندس اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی کی شہادت نے دنیا بھر کی طرح پاکستان کے مومنین کو بھی متحد اور مقاومت کی دنیا کو مضبوط کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا میں امریکہ کے خلاف نفرت کو پوری دنیا نے دیکھ لیا اور شہید سلیمانی کی قربانی نے کئی ممالک کو بدترین دہشت گردی سے نجات دلا دی اور لاکھوں زندگیوں کو انہوں نے محفوظ کردیا ۔
تقریب میں شیعہ سنی علما، مختلف مذہبی تنظیموں کے رہنما، یونیورسٹی اساتذہ، طلبا، ایرانی سفارت کار اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھیں۔
تقریب میں بلوچستان کے شیعہ سنی معروف قرآء نے تلاوت کی سعادت حاصل کی جب کہ خواتین گروپ اور دیگر نے شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں کلام پیش کیا اور ان سے عقیدت کا اظھار کیا۔/