مظلوم فلسطینی بچے کا ذکر کرتے ہوئے صدر عارف علوی آبدیدہ ہوگئے

IQNA

پاکستانی صدر علوی؛

مظلوم فلسطینی بچے کا ذکر کرتے ہوئے صدر عارف علوی آبدیدہ ہوگئے

6:35 - October 26, 2023
خبر کا کوڈ: 3515181
ایکنا اسلام آباد: برطانیہ جہاں جہاں سے نکلا وہاں مسائل چھوڑ گیا ہمارے لیے کشمیر کا مسئلہ چھوڑ گیا اور فلسطین کا مسئلہ پیدا کرکے گیا۔

ایکنا نیوز- جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں  بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 23 مارچ  1940 کو لاہور میں  دراصل ایک نہیں بلکہ دو قراردادیں منظور ہوئی تھیں جن میں ایک قیام پاکستان کیلئےتھی اور دوسری قرارداد فلسطین سے متعلق پاس ہوئی تھی۔

صدر عارف علوی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور  بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے لیکن مغرب خاموش ہے اور مجھےمغرب کی  اس خاموشی پر حیرت ہوتی ہے۔

پروگرام کے دوران بات چیت کرتے ہوئے اپنے والدین کی لاشیں شناخت کرنے والے معصوم فلسطینی بچے کی ویڈیو سے متعلق ذکر کرتے ہوئے صدر پاکستان کی آواز بھر آئی اور وہ آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے کہا کہ بڑوں پر ظلم بھی تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن جب بچوں پر ظلم ہوتا ہے تو کسی سے برداشت نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جس کے ہاتھ میں طاقت ہوتی ہے وہ مظلوم و محکوم کیلئے حبس زدہ ماحول پیدا کرتا ہے لیکن ان معصوم بچوں کے آنسوؤں کی وجہ سے دنیا بحران کی طرف جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کی تہذیب اور جمہوریت کا ٹکراؤ چرچ کے ساتھ تھا اس لیے انہوں نے جمہوریت کو سیکیولرازم سے جوڑ دیا جبکہ ہماری جمہوریت قرآن سے جڑی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے کہ تم نے ایک انسان کی جان بچالی تو تم نے انسانیت کو بچا لیا اور ایک انسانی جان ضایع ہوئی تو انسانیت کا قتل ہوا۔ اس میں صرف مسلمان کی بات نہیں کی گئی بلکہ تمام انسانیت کیلئے قانون وضع کیا گیا ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ برطانیہ جہاں جہاں سے نکلا وہاں مسائل چھوڑ گیا ہمارے لیے کشمیر کا مسئلہ چھوڑ گیا اور فلسطین کا مسئلہ پیدا کرکے گیا۔/

 

نظرات بینندگان
captcha