ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق تحریک لبیک پاکستان نے غزہ پراسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں طوفان الاقصیٰ مارچ کیا جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
فلسطینی پرچم اٹھائے کارکنوں نے لبیک یا اقصیٰ کے نعرے لگائے۔
مارچ سے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مارچ سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔
طوفان الاقصیٰ مارچ سے خطاب میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی کا کہنا تھاکہ اسماعیل ہنیہ نے کہا پاکستانی قوم دم خم والی ہے، آج عالمی استعمار نے سمجھ لیا پاکستان کو قرضوں میں جکڑ کر ہم نے کمزور کردیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فلسطینیوں کی عملی مدد کا اعلان کرے، اس وقت قبلہ اول کے تحفظ کا وقت ہے، اس وقت دشمن کو پاکستان کو اللہ کی دی ہوئی طاقت دکھانے کا وقت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ حماس نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا ہے اور ہم اعلان کرتے ہیں گریٹر اسرائیل کے راستے میں رکاوٹ بنیں گے، ہم فلسطین کیلئے تمام مذہبی سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کو تیار ہیں، اسماعیل ہنیہ سن لیں! آپ کے مشن کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔