ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق اسرائیل نے جنوبی شہر خان یونس میں فلسطینیوں کو ایک تازہ انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ مغربی علاقوں کی جانب منتقل ہو جائیں جہاں امداد فراہم کی جارہی ہے، اس انتباہ سے اشارہ ملتا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقوں کو زیر کرنے کے بعد اسرائیل جنوبی غزہ میں حماس پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے معاون مارک ریجیو نے ’ایم ایس این بی سی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ہم لوگوں سے نقل مکانی کے لیے کہہ رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ یہ ان میں سے بہت سے لوگوں کے لیے آسان نہیں ہے لیکن ہم جھڑپوں کے دوران عام شہریوں کو وہاں پھنسے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے۔
اسرائیل کے اِس اقدام سے غزہ پر اسرائیلی حملے کے سبب پناہ کے لیے جنوب جانے والے لاکھوں فلسطینیوں کو اب مجبوراً دوبارہ خان یونس کے رہائشیوں کے ساتھ نقل مکانی کرنی پڑے گی، جس کے سبب ایک سنگین انسانی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ انہیں 5 ممالک کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے مشترکہ درخواست دی گئی ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کریم کان نے کہا کہ جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، بولیویا، کومروس اور جبوتی کی جانب سے درخواست دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے درخواست میں کہا کہ یقینی بنائیں کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ فلسطین میں ہونے والی بدترین صورت حال پر ہنگامی بنیاد پر توجہ دے رہی ہے۔
3515302