ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقوں کی صورت حال بھی شمالی علاقوں جیسی ہوتی جارہی ہے، ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقوں پر اسرائیل مسلسل بمباری کر رہا ہے۔
النصیرات پناہ گزین کیمپ سمیت ایک اور پناہ گزین کیمپ پر ہونے والے علیحدہ علیحدہ حملوں میں تقریباً 31 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں 2 صحافی بھی شامل ہیں۔
خان یونس میں بھی مکانات تباہ کر دیے گئے، اسرائیل نے تازہ ترین حملہ ایک یورپی ہسپتال پر کیا ہے جس میں 2 فلسطینیوں کی جانیں گئیں اور متعدد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی صحافی معتز عزیزہ نے ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے جنوب کی طرف بڑھتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے حماس کے خلاف جھڑپوں کے دوران غزہ کے شمالی علاقوں میں موجود ہزاروں لوگوں کو جنوب کی طرف جانے پر مجبور کر دیا ہے۔
قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ ان کا اعتماد بڑھ رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کا معاہدہ طے پا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ باقی رہ جانے والے چیلنجز ’بہت معمولی‘ ہیں۔
خبروں کے مطابق قیدیوں کے معاملے میں بڑی رکاوٹ صہیونی وزیراعظم نتین یاہو ہے ورنہ معاملات طے ہوسکتے ہیں۔/
4182695