حجۃ الاسلام والمسلمین محمد رضا صالح، ڈپٹی ثقافتی و تربیتی أمور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ نے ایکنا کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے اس خبر کا اعلان کیا اور کہا: "ان دنوں ہم جامعۃ المصطفیٰ کے 30ویں قرآن و حدیث فیسٹیول کے انعقاد کے گواہ ہیں۔ یہ فیسٹیول، جو ملک کے اندر اور بیرون ملک ایک طویل تاریخ رکھتا ہے، عالمِ اسلام کی سب سے بڑی قرآنی و حدیث تقریبات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ فیسٹیول واحد تقریب ہے جس میں یہ خصوصیات موجود ہیں۔ اولاً، جغرافیائی لحاظ سے سب سے زیادہ وسعت اور پھیلاؤ رکھتا ہے۔ اس فیسٹیول کا دائرہ کار جامعۃ المصطفیٰ کے نمائندہ دفاتر تک پھیلا ہوا ہے جو دنیا کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔ دوسرا، شرکاء کی تعداد کے لحاظ سے۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ خاندانوں اور بچوں کے علاوہ، 20 ہزار سے زیادہ افراد اس فیسٹیول کے مخاطب ہیں۔
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے استاد نے مزید کہا: "ملیت کے لحاظ سے 70 سے زیادہ قومیتیں اس فیسٹیول میں شرکت کرتی ہیں۔ شعبہ جات کی تنوع کے اعتبار سے یہ دو حصوں میں تقسیم ہے: تحریری اور زبانی۔ اس میں قرأت، حفظ، مہارتوں کے ساتھ ساتھ تفسیر اور قرآنی معارف پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین صالح نے کہا: "30ویں فیسٹیول میں نہج البلاغہ، صحیفہ سجادیہ اور حدیث پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس سے اس جشنواره کو ایک منفرد پہچان ملی ہے۔ اس تقریب میں قرآن اور عترت کو دین اسلام کے پیروکاروں کے درمیان یکجا کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مزید برآں، معارف، قرآن اور موضوعاتی حفظ کے حوالے سے چند کتب بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا: اس جشنواره یا فیسٹیول کی ایک اہم بات یہ ہے کہ ان دنوں میں ہم طلاب کے قرآن سے تعلق اور انسیت کے گواہ ہیں۔ اس سال، ہم نے اس تقریب کو جامعۃ المصطفیٰ میں قرآنی عشرے کے اعلان کے ساتھ منسلک کیا ہے، جو آزمائشی طور پر عمل میں ہے۔ یہ پروگرام ایک مخصوص منصوبے کے تحت کونسل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس قرآنی عشرے میں، جشنواره کی سرگرمیاں مزید نمایاں ہوں گی، طلاب، اساتذہ کی شرکت اور جامعۃ المصطفیٰ میں قرآن اور عترت کی اہمیت کا اظہار بھرپور طریقے سے ہوگا۔
4250980