ملایشیاء میں ٹیکنکل طلباء کو قرآنی تعلیمات دینے کی کاوش

IQNA

ملایشیاء میں ٹیکنکل طلباء کو قرآنی تعلیمات دینے کی کاوش

4:21 - September 29, 2025
خبر کا کوڈ: 3519231
ایکنا: ملائشیاء کی یونیورسٹی پرلیس نے جاکیم کے تعاون سے فنی طلبہ کے لیے حفظِ قرآن پروگرام شروع کر دیا۔

 ایکنا نیوز کے مطابق، یہ پروگرام دارالقرآن (جاکیم) کی نگرانی میں فنی و تکنیکی تعلیم (TVET) کے طلبہ کو قرآن کریم حفظ کرانے اور ان کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

یہ پروگرام فنی شعبوں کے طلبہ میں پیشہ ورانہ حافظِ قرآن تیار کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

زلیمان ساولی، نائب صدر یونیورسٹی پرلیس، نے اس منصوبے کی ابتدائی رونمائی اور والدین کے لیے تعارفی اجلاس نئے تعلیمی سال 2025/2026 کے پہلے ہفتے میں پاؤ پوترا کیمپس میں منعقد کیا۔

زلیمان نے صحافیوں کو بتایا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں آٹھ طلبہ شامل ہیں جو فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (برقی، الیکٹرانک اور مکینیکل انجینئرنگ) سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ان شاء اللہ، آنے والے برسوں میں اس پروگرام کو وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو داخلہ دیا جا سکے اور ایسے ٹیکنیشن اور انجینئر تیار ہوں جو قرآن میں بھی مہارت رکھتے ہوں۔ ان کے مطابق، سرٹیفکیٹ پروگرام کی تفصیلات مکمل طور پر دارالقرآن نے تیار کی ہیں اور یہ یونیورسٹی پرلیس کے ان طلبہ کو موقع فراہم کرتا ہے جو حفظِ قرآن میں دلچسپی یا مہارت رکھتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ملائشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ مسلم نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات اور فنی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ اسلامی اقدار کو مصنوعی ذہانت جیسے جدید میدانوں میں شامل کر سکیں۔

انہوں نے گزشتہ برس یہ اعلان بھی کیا تھا کہ اسلامیات، طب اور انجینئرنگ کے طلبہ کے لیے مالی امداد اور اسکالرشپس میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ان شعبوں میں طلبہ کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید یہ کہ، حفظِ قرآن کے مراکز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو، جو روایتی طور پر صرف قرآنی علوم تک محدود رہتے تھے، اب فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کی طرف بھی راغب کیا جا رہا ہے۔

انور کے مطابق، اس سے انہیں انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ وہ اپنی قرآنی اور عربی مہارت کو بھی برقرار رکھ سکیں گے۔ بعض ایسے حفاظ بھی ہیں جو اب پائلٹ بننے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔/

 

4307484

نظرات بینندگان
captcha