ایکنا نیوز، العالم نیوز چینل کے مطابق یمن کے صوبہ صعدہ کے باشندوں نے جمعہ کو ایک عظیم الشان ریلی نکالی۔ ریلی میں یمن، فلسطین، لبنان اور آزادی و مزاحمت کے جھنڈے اٹھائے گئے، جبکہ صیہونی اور امریکی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطین، لبنان اور شام کے مظلوموں کی تصاویر بھی نمایاں تھیں۔
ریلی کے شرکاء نے غزہ میں فلسطینی عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے فلسطین، شام، لبنان اور مزاحمت کے مجاہدین کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
یمنی مظاہرین نے عرب اور اسلامی دنیا کے عوام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی کے مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
مظاہرین نے کہا:
"صیہونی دشمن اپنی جارحیت کو امریکہ کے تعاون سے پورے خطے تک بڑھا رہا ہے تاکہ 'گریٹر اسرائیل' کے منصوبے کے ذریعے مشرق وسطیٰ کو تبدیل کیا جا سکے۔"
رپورٹ کے مطابق، مظاہرین نے شام کے خلاف صیہونی حملوں، مقبوضہ علاقوں اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تباہی کی بھی سخت مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے کیونکہ دشمنوں کے منصوبے کسی کو بھی نہیں بخشیں گے۔
یمنی مظاہرین نے فلسطینی عوام، مزاحمت کے مجاہدین، اور حزب اللہ لبنان کے جنگجوؤں کی حمایت جاری رکھنے کے اپنے مستقل موقف پر زور دیا اور تمام چیلنجوں کا سامنا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔/
4253984