پاکستان سے ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق امام خمینیؒ کے فرمان پر عالمی یوم القدس کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
اس حوالے سے کوئٹہ میں نماز جمعہ کے بعد عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور صیہونی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ شرکاء نے پاکستانی پرچم کے ساتھ فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور "قبلہ اول کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی" انا علی العھد " یعنی ہم اپنے عھد پر قائم ہیں" اسرائیل مردہ باد"، "امریکہ مردہ باد" جیسے نعروں سے فضاء گونجتی رہی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مختلف پارٹیوں کے علما، اساتذہ، اور سماجی رہنماؤں نے کہا کہ یوم القدس صرف فلسطین کا دن نہیں بلکہ پوری انسانیت کا دن ہے۔ مقررین نے اسرائیل کے مظالم اور امریکہ کی پشت پناہی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بہنے والا خون انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو باہمی اختلافات بھلا کر وحدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ قبلہ اول کو صیہونی تسلط سے نجات دلائی جا سکے۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی اور صیہونی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ عوامی جوش و جذبہ قابل دید تھا اور نوجوانوں، بزرگوں، بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔