ایکنا نیوز کے مطابق اس پیغام کا متن کچھ یوں ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
( انا لله وانا اليه راجعون)
علامہ سید محمد باقر موسوی کشمیری کے انتقال پر تعزیتی پیغام
عالمِ جلیل القدر، حجۃالاسلام والمسلمین آیت اللہ الحاج سید محمد باقر موسوی کشمیری (طاب ثراہ) کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور رنج و الم کا باعث بنی۔
مرحوم نے اپنی طویل عمر دینِ مبین اسلام کی تبلیغ، معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج، اور مؤمنین کی خدمت میں صرف کی، اور اس راہ میں بے شمار زحمات برداشت کیں۔
ہم اس عظیم مصیبت پر کشمیر کے تمام مؤمن بھائیوں اور بہنوں، خصوصاً مرحوم کے محترم اہلِ خانہ اور عقیدتمندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں، اور خداوندِ متعال سے مرحوم کے لیے بلندیِ درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل و اجر جزیل کی دعا کرتے ہیں۔
ولا حول ولا قوة الا بالله العلی العظیم ۱۹ شوال ۱۴۴۶ ہجری قمری
علم و تقویٰ کا چراغ بجھ گیا: کشمیر کے ممتاز شیعہ عالم علامہ موسوی کشمیری کا انتقال
علامہ سید محمد باقر موسوی کشمیری، جو اہلِ تشیع کے ممتاز علمائے دین میں شمار ہوتے تھے، ۸۵ برس کی عمر میں، ایک مختصر علالت کے بعد، کشمیر کے علاقے بڈ گام میں وفات پا گئے۔
مرحوم نے دینی تعلیمات حاصل کرنے کے لیے نجف اشرف کے عظیم علمی حوزہ میں تعلیم پائی، اور بعد ازاں آیت اللہ العظمیٰ سیستانی دام ظلہ کے نمائندے کی حیثیت سے کشمیر میں دینی خدمات انجام دیتے رہے۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی معارفِ اہل بیتؑ کی اشاعت، دینی رہنمائی، اور فکری و علمی خدمت میں وقف کر دی۔ آپ نے الٰہیات، فقہ، تاریخ اور دیگر موضوعات پر مختلف زبانوں میں کئی کتابیں اور مقالات تحریر کیے، جو ان کی علمی گہرائی اور دینی شعور کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔/
4277148