کربلا میں بین الاقوامی "رحمة للعالمین" فیسٹیول کا آغاز

IQNA

کربلا میں بین الاقوامی "رحمة للعالمین" فیسٹیول کا آغاز

6:40 - September 10, 2025
خبر کا کوڈ: 3519133
ایکنا: پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے آستانہ مقدس عباسی کے زیر اہتمام پہلا بین الاقوامی "رحمة للعالمین" فیسٹیول کربلا میں شروع ہوچکا ہے۔

ایکنا نیوز، الکفیل نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ افتتاحی تقریب 9 ستمبر کو آستانہ مقدس عباسی کے متولی مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، ان کے معاون عباس موسیٰ احمد، انتظامی کونسل کے اراکین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اور عراق کے اندر اور بیرون ملک سے آئے ہوئے سرکاری، دینی اور علمی شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز قاری محمد رضا الزبیدی کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد ہاشم المیلانی نے آستانہ مقدس عباسی کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا اور اسلامی میراث کے مطالعے اور رسالتِ محمدی ﷺ کے معاشرتی اثرات پر زور دیا۔

اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے مختلف پہلوؤں اور آپ کی اعلیٰ انسانی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔

یہ فیسٹیول، پیغمبر اسلام ﷺ کی ولادت کے ۱۵۰۰ ویں سال کے موقع پر منعقد کیا گیا ہے اور تین روز تک جاری رہے گا۔

فیسٹیول کے پروگراموں میں کتاب میلہ، محفلِ انس بالقرآن، تحقیقی نشست، علمی اجلاس بر موضوع سیرتِ رسول اکرم ﷺ، دارالرسول الاعظم (ص) مرکز کی سرگرمیاں (جامعہ دیالی کے تعاون سے)، مشاعرے، عوامی جشن، اور حضرت عباس علیہ السلام کے حرم مطہر میں محفل شامل ہیں۔ اس دوران پہلی بار منعقدہ مقابلہ "الرسالة الكبرى" کے نتائج اور منتخب افراد کے ناموں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

آستان مقدس عباسی کے مطابق، رحمة للعالمین فیسٹیول کا مقصد پیغمبر اکرم ﷺ کے پیغامِ انسانیت کو اجاگر کرنا ہے جو رحمت، محبت اور امن کا روشن نمونہ ہے۔/

 

4304217

نظرات بینندگان
captcha