کینیڈا، مسجد حملے کی برسی پر تقریب

IQNA

کینیڈا، مسجد حملے کی برسی پر تقریب

7:49 - February 01, 2026
خبر کا کوڈ: 3519872
ایکنا: کبک سٹی کی مسجد پر حملے کی نویں برسی کے موقع پر مونٹریال میں ایک یادگاری تقریب منعقد کی گئی، جس میں اس حملے میں شہید ہونے والے چھ مسلمانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ایکنا نیوز- گلوبل نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 29 جنوری 2017 کو ہونے والے کبک سٹی کی مسجد پر حملے کی نویں سالگرہ کے موقع پر مونٹریال میں یہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر منتظمین نے اس حقیقت پر بھی روشنی ڈالی کہ کبک میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسی تناظر میں نسل پرستی کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔

جواد کنعانی، جو مسلم آگاہی ہفتہ (Muslim Awareness Week) کی انتظامی کمیٹی کے رکن ہیں، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہم اب بھی اس خطرے سے دوچار ہیں کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش آ سکتا ہے۔

اس شہر میں مسلم آگاہی ہفتے کے تحت متعدد سرگرمیاں ترتیب دی گئی تھیں، جن میں 29 جنوری 2017 کے حملے کی برسی کے موقع پر شب بیداری بھی شامل تھی۔ یہ ایک ہفتے پر مشتمل اقدام اس مقصد کے لیے شروع کیا گیا کہ منتظمین کے مطابق مسلم برادری کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور عدم فہم کا ازالہ کیا جا سکے۔

سمیرا لائونی، مسلم آگاہی ہفتے کی بانیوں میں سے ایک، نے کہا کہ یہ سالانہ تقریب شہداء اور زخمیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا کے خلاف ایک واضح مؤقف بھی اختیار کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا: ہم اپنی یادوں کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔

کنعانی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کبک میں بہت سے مسلمان آج بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مونٹریال کے وسطی علاقے کی ایک مسجد میں تعلیم حاصل کرتے ہیں، جہاں لوگ اکثر اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہیں۔ ان اقدامات میں ان افراد کے لیے اسکورٹ کا انتظام بھی شامل ہوتا ہے جنہیں اپنی گاڑیوں تک پہنچنے کے لیے زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا: ہمیں کبھی معلوم نہیں ہوتا کہ سڑکوں پر کس قسم کے لوگوں سے سامنا ہو جائے۔ بلاشبہ ہماری سوسائٹی میں ایک واضح تقسیم موجود ہے۔

اسٹیون براؤن، کینیڈا کی نیشنل کونسل آف مسلمز (NCCM) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نے بھی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبک سٹی کی مسجد پر حملہ کوئی اتفاقی واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ اسلاموفوبک واقعات کے ایک سلسلے کے بعد پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے قبل کے مہینوں میں اسلامک کلچرل سینٹر کبک کے باہر سور کا سر رکھا گیا تھا، جبکہ انتہاپسند دائیں بازو کے گروہ "اوڈن کے سپاہی" مسجدوں والے محلوں میں گشت کیا کرتے تھے۔

براؤن کے مطابق نیشنل کونسل آف مسلمز کینیڈا کو قانونی معاونت کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کے قانونی کلینک کو گزشتہ سال ہر ماہ پورے پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ کالز موصول ہوئیں، اور مدد کے خواہشمندوں میں خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 29 جنوری 2017 کو الیگزینڈر بیسونیت نے نمازِ عصر کے دوران سینٹ فوا کے علاقے میں واقع اسلامی ثقافتی مرکز میں داخل ہو کر نمازیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔

اس حملے میں ابراہیمہ بری، مامادو تانو بری، خالد بلکاسمی، عبد الکریم حسنا، عزالدین صوفیان اور ابوبکر ثابت شہید ہوئے۔

بیسونیت کو ابتدا میں 40 سال تک پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم عدالتِ عالیہ کبک نے اپیل کے بعد پیرول کے بغیر قید کی مدت کو 25 سال تک کم کر دیا۔/

 

4331275

نظرات بینندگان
captcha