روس کی نو تعمیر مسجد میں قرآنی مقابلہ

IQNA

روس کی نو تعمیر مسجد میں قرآنی مقابلہ

6:21 - May 30, 2026
خبر کا کوڈ: 3520267
ایکنا: روس کے شمال مغربی قفقاز میں واقع جمہوریہ قرہ‌چای ـ چرکسیا کے گاؤں "کاردونیکسکایا" میں نئی جامع مسجد کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جسمیں روس کے مختلف علاقوں سے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔

ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اس مسجد کے افتتاح نے علاقے کے مسلمانوں کی دینی اور ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط کیا۔ افتتاحی پروگرام کے دوران روس میں منعقد ہونے والے قومی حفظِ قرآن مقابلوں کے سلسلے میں قرآنی مسابقہ بھی منعقد ہوا، جبکہ اسی مسجد میں پہلی باجماعت نماز ادا کی گئی۔ اس موقع پر جمہوریہ قرہ‌چای ـ چرکسیا کے مفتی نے باضابطہ طور پر اس دینی مرکز کو “جامع مسجد” کا درجہ عطا کیا۔

تقریب میں روس کے مختلف علاقوں سے ہزاروں مہمان شریک ہوئے اور اسلامی و سماجی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ نمایاں شخصیات میں جمہوریہ کریمیا اور شہر سواستوپل کے دینی ادارۂ مسلمین کے نمائندے، شیخ “سلیمان سامیدینوف”، ضلع “کراسنوگواردیسکی” کے امام اور کریمیا و سواستوپل کے دینی ادارے سے وابستہ حفظِ قرآن مدرسے کے سربراہ شامل تھے۔

شیخ سلیمان سامیدینوف نے اپنے خطاب میں امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دینی اقدار کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد صرف نماز کی ادائیگی کا مقام نہیں ہوگی بلکہ دینی تعلیم، فلاحی سرگرمیوں اور سماجی خدمت کا مرکز بھی بنے گی۔

یہ تقریب مقامی باشندوں، علما، سرکاری اداروں کے نمائندوں اور سماجی تنظیموں کی وسیع شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اسی طرح روس کے مختلف علاقوں سے آنے والے قرآنی مقابلے کے شرکا کی موجودگی نے روسی مسلمانوں کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور تعاون کی خوبصورت مثال پیش کی۔/

 

4354819

نظرات بینندگان
captcha